بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرمین سینیٹر انور بیگ مستعفی

Anwar Baig

Anwar Baig

اسلام آباد (جیوڈیسک) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرمین سینیٹر انور بیگ نے بیورو کریسی سے اختلافات کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا، انور بیگ کو پاکستان انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کا چیئرمین مقرر کیئے جانے کا امکان ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرمین سینیٹر انور بیگ نے مکمل اختیارات نہ ملنے اور بیوروکریسی سے اختلافات کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ سینیٹر انور بیگ نے آج صبح وزیراعظم کی کھٹمنڈو روانگی سے قبل ان سے ملاقات کی اور اپنا استعفٰی پیش کیا۔ سینیٹر انور بیگ نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے مستعفی ہونے کی تصدیق کی۔

زرائع کے مطابق انور بیگ بی آئی ایس پی میں شفافیت اور خود احتسابی کا نظام قائم کرنا چاہتے تھے۔ ان کی خواہش تھی کہ مستحقین میں تقسیم کی جانے والی امدادی رقوم کی آن لائن چیکنگ کا نظام بھی وضع کیا جائے تاہم بیورو کریسی نے اس میں رکاوٹیں پیدا کیں۔

انور بیگ نے اپریل 2012 میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہونے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے انور بیگ کو نومبر 2013 میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کا چیئرمین مقرر کیا۔