راولپنڈی (جیوڈیسک) بینظیر قتل کیس ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹر قاسم کا بیان قلمبند، آئندہ سماعت پر وکلا گواہوں پر جرح کریں گے۔
بینظیر قتل کیس کی سماعت راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج چودھری حبیب الرحمن نے کی۔ ستائیس دسمبر دو ہزار سات کو لیاقت باغ راولپنڈی کے دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کا پوسٹمارٹم اور زخمیوں کا علاج کرنیوالے ڈاکٹر قاسم کا بیان قلمبند کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کے ڈاکٹر قاسم نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کا علاج معالجہ کیا۔ اکثر زخمیوں کے جسم بارودی مواد پھٹنے سے جھلسے ہوئے تھے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ دھماکے میں 10 زخمیوں کی میڈیکل رپورٹ تیار کی تھی۔ عدالت نے بینظیر قتل کیس کی سماعت چودہ دسمبر تک ملتوی کر دی، آئندہ سماعت پر وکلا کی جانب سے گواہوں پر جرح کی جائے گی۔