راولپنڈی (جیوڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بینظیر قتل کیس میں عدم حاضری پر استغاثہ کے گواہ ڈائریکٹر ایف آئی اے یاسین فاروق کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج پرویز اسماعیل جوئیہ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔استغاثہ کے گواہ ڈائریکٹر ایف آئی اے یاسین فاروق آج عدالت حاضر نہ ہوئے۔
یاسین فاروق سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی شہادت کے وقت ایس ایس پی راولپنڈی تعینات تھے۔ عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈی ایس پی لیگل کو وارنٹ کی تعمیل کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے استغاثہ کے ایک اور گواہ اسماعیل کے دوبارہ سمن جاری کیے اور سماعت ملتوی کر دی۔