اسلام آباد(جیوڈیسک)بینظیر قتل کیس میں سرکاری وکیل چودھری ذوالفقار کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا، جبکہ ان کاگارڈ زخمی ہوگیا۔ گاڑی کی زد میں آکر ایک خاتون بھی ہلاک ہوگئی۔ بے نظیر قتل کیس میں پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار جی نائن میں واقع اپنی رہائش گاہ سے نکل رہے تھے کہ ان پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔
جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ذرائع کے مطابق چودھری ذوالفقارکو 12 سے زیادہ گولیاں لگیں۔انہیں آج انسداددہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوناتھا۔واقعے میں ان کا گارڈ بھی زخمی ہوا۔
جبکہ گاڑی بے قابو ہونے سے اس کی زد میں آکر ایک راہگیر خاتون بھی جاں بحق ہوگئیں۔ نگراں وفاقی وزیرداخلہ ملک حبیب خان نے چودھری ذوالفقارکے قتل کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آبادبنی امین کورپورٹ پیش کرنیکاحکم دیا ہے۔