راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی بینظیر قتل کیس کا ازسرنو ٹرائل شروع کر دیا گیا۔ عدالت نے پرویز مشرف کو فریق نہ بنانے کی درخواست مسترد کر دی۔ لطیف کھوسہ کہتے ہیں مقدمات میں تاخیر کی وجہ سے انصاف نہیں مل پاتا۔ بینظیر قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج حبیب الرحمن نے کی۔
عدالت نے پرویز مشرف کو فریق نہ بنانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار کی ایک سیاسی جماعت سے وابستگی ظاہر ہوتی ہے۔ مختصر فیصلہ میں کہا گیا کہ درخواست گزار مقدمے کا اہم گواہ بھی ثابت نہیں ہو سکتا۔
فاضل عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال راولپنڈی کے چار ڈاکٹر دوبارہ گواہی کیلئے طلب کر لئے۔ سماعت کے بعد ذرائع سے گفتگو میں لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ بے نظیر قتل کیس میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔ کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔