بینظیر قتل کیس; اسپیشل پراسیکیوٹر کا عدالت آنے سے انکار

Benazir

Benazir

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم بینظیربھٹو قتل کیس میں ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر چوہدری اظہرنے فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی تک عدالت میں پیش ہونے سے انکار کردیا ہے۔ پراسیکیوٹرکی عدم پیشی کے باعث 5 گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈ نہیں کیے جاسکے۔

گزشتہ روز راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج پرویز اسماعیل جوئیہ نے بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی۔ ضمانت پر رہا پولیس افسران سعود عزیز، سابق ایس پی راول ٹاؤن خرم شہزاد اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ اسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے چوہدری اظہر کی عدم حاضری پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت میں چوہدری اظہر کا تحریری موقف پیش کیا گیا جس میں انھوں نے کہا کہ فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی تک عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا۔ پرویزمشرف کے وکیل جاوید صفدر نے کہاکہ 3 روز قبل ممبئی حملہ کیس میں چوہدری اظہر اسلام آباد میں پیش ہوئے تو یہاں کیوں نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پراسپیشل پراسیکیوٹر کو حاضر ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیاکہ انھیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے اور سماعت ملتوی کرتے ہوئے مزید 5 گواہوں کو بھی طلب کر لیا ہے۔