گجرات : مورا وظائف مستحق طالبعلموں کی امانت ہے،انہیں لوٹانے آیا ہوں۔ یونیورسٹی آف گجرات کے مورا سکالرشپ ہولڈرز کی تقریب میں آکر قلبی سکون ملتا ہے۔ حق داروں کو حق پہنچانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ یہ ذہین اور مستحق طالبعلموں کا حق اور ہمارا فرض ہے۔
دیانتداری اور فرض شناسی کو نصب العین بنانا ہے ۔ میرا فریضہ ہے کہ ضلع بھر میں زکوٰة و عشر کے تمام پیسوں کی تقسیم میں معیار اور دیانت کو ہمیشہ پیش نظر رکھوں۔جلد ہی جامعہ گجرات کے مزید طالبعلموں میں بڑی تعداد میں چیک تقسیم کیے جائیں گے ۔ حقدار طالبعلم مورا سکالر شپ کے لیے جلد درخواستیں جمع کروائیں۔ یونیورسٹی آف گجرات میں آ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے کہ یہاں ڈاکٹر نظام الدین کی قیادت میں حقیقی معنوں میں کار خیر کی انجام دہی ہو رہی ہے ان خیالات کا اظہار ضلعی چیئر مین عشر و زکوٰة کمیٹی چوہدری تنویر گوندل نے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس سروسز کے زیر اہتمام مورا سکالر شپ کے چیک تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈائریکٹر ایس ایس سی محمد یعقوب نے کہا کہ UOG اپنے طالبعلموں کو تعلیم جاری رکھنے کے لیے ہر طرح کی معاونت فراہم کر رہی ہے ۔مالی طور پر کمزور طالبعلموں کی ہر ممکن طریقے سے مالی اعانت کر رہے ہیں۔ مورا سکالر شپ سے مستفید ہونے والے بچے تعلیمی و تدریسی لحاظ سے نمایاں کارنامے سر انجام دے رہے ہیں۔
ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید نے کہا چوہدری تنویر گوندل جیسے جواں عزم ضلعی چیئرمین نے مورا سکالر شپ سکیم کو صحیح معنوں میں غریب پروری کا ذریعہ بنایا ہے ۔ چوہدری تنویر گوندل نے جس جوش اور نیک نیتی سے کام کیا انہیں اس کا اجر عظیم ملے گا۔ چیئر مین ضلعی بیت المال کمیٹی چوہدری ظہور الہیٰ نے کہا کہ مورا سکالر شپ سکیم سے لاکھوں طالبعلم تعلیمی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ضلع گجرات میں یہ وظائف فعال انداز میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی میں جا کر دیئے جا رہے ہیں۔ ضلعی زکوٰة و عشر آفیسر محمد طاہر ندیم نے کہا کہ تمام کام اللہ کی خوشنودی کے لیے دینی فریضہ سمجھ کر انجام دے رہے ہیں۔ حقدار کو اس کا حق اس کے دروازے پر پہنچانا چوہدری تنویر گوندل کا کارنامہ ہے ۔ تقریب میں 53 طالبعلموں میں سکالر چیک تقسیم کیے گئے۔