برلن میں ’گیٹ پاکستان‘ تنظیم قائم، جرمن سرمایہ کاروں کا خصوصی اقتصادی زون بنانے کیلیے کوشش

Berlin

Berlin

برلن (جیوڈیسک) جرمن تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ضروری سہولتوں اور معلومات کی فراہمی کیلیے ’’گیٹ پاکستان‘‘ کے نام سے ایک تنظیم قائم کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں ’’گیٹ پاکستان‘‘ کے قیام کی تقریب جرمن وزارت خارجہ کے دفتر میں ہوئی جس میں جرمنی کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان ڈاکٹر مائیکل کوخ، پاکستان میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر نن اور گیٹ پاکستان کے بانی صدر اور میونخ میں اعزازی کونسل ڈاکٹر پوئٹس کے علاوہ جرمن وزارت خارجہ کے سینئر اہلکاروں اور جرمن کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تنظیم کے قیام کی دستاویزات پر حکومت پاکستان کی طرف سے پاکستان کے سفیر سید حسن جاوید، حکومت جرمنی کی طرف سے ڈاکٹر نن اور تنظیم کے بانی صدر ڈاکٹر پوئٹس نے دستخط کیے، تنظیم کو بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان اور جرمن فارن آفس کا خصوصی تعاون حاصل ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مائیکل کوخ نے کہا کہ گیٹ پاکستان کے قیام کا مقصد صرف کاروباری اور معاشی معاملات میں تعاون کو آگے بڑھانا ہے اور اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

ڈاکٹر نن نے کہا کہ اس فورم کے ذریعے کاروباری اور ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات کے تبادلے سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ڈاکٹر پوئٹس نے کہا کہ ’’گیٹ پاکستان‘‘ جرمن تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بزنس کرنے کیلیے پلیٹ فارم مہیا کرے گی، پاکستان توانائی، انفرا اسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، تجارت، ٹیلی کام، تعلیم اور زراعت میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع مہیا کرتا ہے، پاکستان میں ’’اسپیشل اکنامک زون‘‘ بنانے کیلیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں جو صرف جرمن بزنس ہائوسز اور مینو فیکچرنگ یونٹس لگانے کیلیے ہوگا۔