برلن کراچی: (ظہور احمد ) پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے آج بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ پنجاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے تنظیمی معاملات میں ضلعی ، تحصیل اور شہروں کی سطح پر تنظیم مکمل ہوچکی ہے اور ٣٠ جون تک یونین کونسل اور وارڈ کی سطح تک تنظیموں کو مکمل کردیا جائے گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے ونگز ، مدر پارٹی کے ساتھ مل کر کام کرینگے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منطور احمد وٹو نے کہا ان کی لاہور تشریف آوری کے پروگرام کو ہر لحاظ سے پارٹی کے لیے مفید بنانے کے لیے متعدد کمیٹیاں بنادی گئیں ہیں جس میں استقبالی کمیٹی ، پبلیسٹی کمیٹی ، ثقافتی کمیٹی اور مالیاتی کمیٹی شامل ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پنجاب کے دورے سے پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب ، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور کی پارٹی بنے گی اور کارکنان اپنے لیڈر کا بھر پور انداز میں شاندار استقبال کریں گے۔
انہوں نے چیئرمین کو بتایا کہ ان کی شخصیت میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شخصیت جھلکتی ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دہشت گردی کے بارے میں جرات مندانہ مؤقف ، نجکاری کے نام پر قومی اثاثوں کی بندر بانٹ اور عوا م سے روزگار چھین لینے کی حکومتی پالیسی کے خلاف واشگاف الفاظ میں پاکستان کے عوام اور بے روزگار ہونے والے محنت کش افراد کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ، اس لیے چیئرمین بلاول بھٹو زررداری کے لیے پنجاب کے عوام ان کے استقبال کے لیے چشم براہ ہیں ۔پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی پنجاب کے صدر میاں منظور احمدوٹو کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے لیے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں اور آپ کی صدارت میں صوبہ پنجاب میں پاکستان پیپلزپارٹی پھر سے منظم اور مضبوط ہورہی ہے جس کو قیادت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔