آنے والے دور میں وہ بہترین انداز میں ملک و قوم کی خدمات کو سر انجام دے سکیں، اعجاز الاحسن

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) جسٹس ہائی کورٹ پنجاب اعجاز الاحسن نے کہا ہے کہ نئی نسل کو اس انداز میں تیار کیا جائے کہ آنے والے دور میں وہ بہترین انداز میں ملک و قوم کی خدمات کو سر انجام دے سکیں، سنیئر وکلاء کا فرض بنتا ہے کہ وہ نوجوان وکلاء کی اس طرح تربیت کریں کہ وہ قانون کے احترام، اس کی حاکمیت اور بہتری کیلئے اپنی صلاحیتیں اچھے انداز میں بروئے کارلاسکیں اور معاشرے کو بہتر سے بہتر بنانے میں کارآمد ثابت ہوں۔

وزیرآباد میں نئے تعمیر ہونے والے جوڈیشل کمپلیکس کے کام کی باقاعدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک کو چلانا ہے جس کیلئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت نوید اسلم چیمہ ایڈووکیٹ نے حاصل کی جبکہ نبی اکرم ۖ کی شان میں ہدیہ عقیدت منور حسین طوری نے پیش کیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے وزیرآباد بار کے وکلاء کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بار وزیرآباد سے تعلق رکھنے والے وکلاء کاعدالتوں سے تعاون اور احترام کرنے والوں میں شمار ہوتا ہے۔

انہوں نے بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے وکلاء کو چیمبرز کیلئے درپیش مسئلہ پراپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی انہوں نے وعدہ کیا کہ ہائیکورٹ اور جوڈیشری چیمبرز کے سلسلہ میں وکلاء کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس موقعہ پر انہوں نے زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکس کا معائنہ کیا اور کام کو سراہا۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ سردار احمد نعیم نے بھی خطاب کیا اور بتایا کہ زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکس میں 4عدالتیں ایڈیشنل سیشن ججز،8سول ججزکیلئے جبکہ 44کے قریب رہائشگاہیں بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے وکلاء نے عدالت عالیہ اور عدالت عظمی کی طرف سے آنے والی ہدایات کیمطابق ہمیشہ بہترین تعاون کیا ہے۔

اس موقعہ پر صدر بار ایسوسی ایشن افتخار احمد چوہان، سیکرٹری بار ثاقب فاروق چیمہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور مہمان خصوصی جسٹس احسن الاعجاز کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ 500 کے قریب وکلاء کیلئے صرف 26 مرلہ جگہ مختص کی گئی ہے جو کم ازکم 3 ایکڑ کے قریب ہونی چاہیئے۔ تقریب میں سول ججز،ایس ایس پی محمد ندیم، اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رائو سہیل اختر، اے ایس پی وزیرآباد غلام مرتضی اور صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

YOUNG LAWYER

YOUNG LAWYER

WAZIRABAD JUSTICE EJAZ UL EHSAN

WAZIRABAD JUSTICE EJAZ UL EHSAN

WAZIRABAD 1 JUSTICE EJAZ

WAZIRABAD 1 JUSTICE EJAZ

Wazirabad

Wazirabad

LAWYERS

LAWYERS