کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی یوم خواندگی کے موقع پر گرین پیس اسکول و کالج کے پرنسپل پروفیسر سلمان احمد عثمانی نے اپنے ایک پیغام میں کہاکہ آک کا دن طلبہ و طالبات کیلئے ایک اہم ترین دن ہے آج کا دن منا نے کا مقصد یہ ہے کہ تمام طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ خصوصاً طلباء و طالبات کو چاہیئے کہ وہ گلی گلی قریہ قریہ پھیل کر تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کریں کیونکہ بہتر معاشرے کی تعمیر کے بغیر تعلیم ایک خواب ہے انہوں نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ سرکاری سطح پر تعلیم میں آسانیاں پیدا کریں تاکہ ہر بچہ علم سے فیضیاب ہوسکے۔
پروفیسر سلمان احمد عثمانی نے کہاکہ حکومت کو چاہیئے کہ مہنگائی کے اس دور میں جہاں والدین کو اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا مشکل ہے وہاں اس بلند وبالا فیسوں سے کیسے لڑا جائے اس لئے حکومت کو چاہیئے کہ تمام سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں میں مستحق طلبہ کا خصوصی کوٹہ مختص کرے اور فیسوں میں رعائت کے نظام کو آسان ترین کیا جائے جس کے لئے انہیں ٹائون سطح پر میٹرک اور انٹر بورڈ آفس کی برانچ قائم کرکے طلباء و طالبات کو سہولت فراہم کی جائے ۔اس طریقہ کار سے شرح تعلیم میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے جو کہ ہمارے ملک کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے ۔پروفیسر سلمان احمد عثمانی نے کہا کہ گرین پیس اسکول و کالج کے طلبا ء و طالبات اور اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ اپنے اطراف میں ایسے لوگوں پر نظر رکھیں جو تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں مگر نامساعد حالات اور وسائل نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کرسکتے ایسے طلباء و طالبات کیلئے ہمارے ادارے نے اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں کیونکہ حضور ۖ نے فرمایا ہے کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے تو ہمیں آقائے دوجہاں کے حکم کی پیروی کرتے ہوئے اس کام کو پورا کرنا چاہیئے۔