لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ بیٹنگ لائن کمزور ہے، ٹیم میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے مگر ایک میچ ہارنے پر شدید تنقید درست نہیں، ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہئے۔
جنوبی افریقا سے وطن واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ خوشی ہے کہ جنوبی افریقہ سے سیریز جیت گئے، ٹیم کو بیٹنگ کے مسائل کا سامنا ہے، نئے کھلاڑیوں سے امیدیں وابستہ ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی بہتر نہیں، بیٹنگ کو بہتر کرنے کیلئے محنت کرنی ہو گی اور بیٹنگ کوچ کے تقرر کیلئے بھی سوچنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تبدیلیوں کی ضرورت ہے وہ سب کے سامنے ہے، جب تبدیلیاں ہوں گی سب کو نظر آئیں گی۔
مصباح الحق نے کہا کہ دبئی سیریز ہارنے کے بعد ہم پر بہت پریشر تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 20 سال بعد ہوم گرانڈ پر ہاری ہے۔ اس موقع پر سعید اجمل نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے میچز ہمیشہ کانٹے دار ہوتے ہیں، اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، دعا ہے ٹیم اچھی پرفارمنس دے۔ واپس آنیوالے کھلاڑیوں میں مصباح الحق، احمدشہزاد، ناصرجمشید، سعیداجمل، عمراکمل اوردیگر شامل ہیں۔