سٹاک ہوم (جیوڈیسک) پارلیمنٹ کی جانب سے یہ فیصلہ سویڈن میں مہاجرین کی آمد میں کمی کے لیے کیا گیا ہے ۔ سٹاک ہوم حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر نظر رکھنا چاہ رہے ہیں کہ کون ان کے ملک میں داخل ہو رہا ہے ۔ اس فیصلے کے بعد تمام مسافروں کو دوران سفر اپنی شناختی دستاویزات ساتھ رکھنا پڑیں گی ۔ حکمران جماعت کی طرف سے پیش کردہ اس تجویز کے حق میں پارلیمنٹ کے 175 اراکین نے ووٹ دیا۔ جب کہ صرف 39 اراکین نے اس کی مخالفت کی ۔ شناختی دستاویزات کی لازمی پڑتال کا یہ فیصلہ چھ ماہ تک نافذ رہے گا ۔
سٹاک ہوم حکام کو مہاجرین کی اتنی بڑی تعداد کے لیے رہائش گاہوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ سویڈن کی کل آبادی 9.8 ملین ہے اور اس کا شمار یورپ آنے والے پناہ کے متلاشی افراد کے پسندیدہ ممالک میں ہوتا ہے ۔ اس کی بڑی وجہ سویڈن کا سماجی بہبود کا نظام اور مہاجرین دوست قوانین ہیں ۔
ڈنمارک حکومت نے بھی خبردار کیا ہے کہ ان کا ملک بھی جرمنی اور ڈنمارک کے مابین سرحد پر پاسپورٹ چیک کرنے کا فیصلہ کر سکتا ہے ۔