ہالی وڈ (جیوڈیسک) ہالی وڈ کی مشہورزمانہ سائنس فکشن سیریز ’اسٹارٹریک‘ کی نئی فلم ’اسٹارٹریک بیونڈ‘ بھی سیریز کی دیگرفلموں کی طرح شائقین کی دلچسپی اورتوجہ سمیٹنے میں کامیاب رہی۔
سیریز کی نئی فلم میں چھائی اوربرائی کی قوتوں کے درمیان جدوجہد کو پیش کیا گیا ہے۔ ’فاسٹ اینڈ فیورس ‘سیریز کو میگا ہٹ سیریز بنانے والے ڈائریکٹر جسٹن لن کی ڈائریکشن میں بنی ’ اسٹار ٹریک بیونڈ ‘دیگر اسٹار ٹریک فلموں سے کچھ مختلف اس طرح ہے کہ فلم کے رف اینڈ ٹف کردار اس مرتبہ ہلکے پھلکے انداز میں ایک دوسرے سے نوک جھونک کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
نئی فلم میں پچھلی فلم کے برخلاف انتہائی شدت سے زندگی اور موت کی جنگ کو اجاگر نہیں کیا گیا۔ فلم میں حسب معمول اسپشل ایفکٹس کا استعمال عمدگی سے کیا گیا ہے۔
کیپٹن کرک کی سربراہی میں اسٹارشپ انٹرپرائز ریسکیومشن کے سلسلے میں ایک ایسے سیارے میں جا پہنچتا ہے جہاں ولن ایلین کرال نے انہیں پھنسانے کے لئے جال بچھایا ہوا تھا۔ کرال کے پاس میکینکل ڈرونز کی پوری آرمی ہے جسے اس نے ’بیز‘ کا نام دیا ہے اور جو اپنے شکارپرجھپٹنے اورتباہ کرنے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کارل کے پتھریلے سیارے سے ٹکرا کر انٹرپرائز ٹکڑوں میں بکھرجاتا ہے اوراس کا عملہ ایک دوسرے سے بچھڑنے کے بعد ملنے اورجان بچانے کی جدوجہد میں لگ جاتا ہے۔ اسٹار شپ کا عملہ کارل کے عزائم بھی جاننا چاہتا ہے کہ وہ کس شیطانی منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ ایسے میں اس سیارے پررہنے والی خاتون جے لا ان کے کام آتی ہے اور عملے کوملنے میں مدد کرتی ہے۔
’اسٹار ٹریک بیونڈ‘ میں ادریس البا نے کارل کا کردار نہایت مہارت سے ادا کرکے شائقین اورناقدین سے داد وصول کی ہے۔ فلم میں وہ سب کچھ ہے جوسائنس فکشن فلموں کے دلدداہ افراد کی پسند ہے اور اسی لئے یہ فلم بھی باکس آفس پر دھاک جمانے میں کامیاب رہی ہے۔