بھکر: 2 گروپوں میں تصادم، ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی، کئی علاقوں میں کرفیو

Bhakkar

Bhakkar

بھکر (جیوڈیسک) بھکر میں 2 گروپوں کے مابین تصادم میں 12 افراد جاں بحق اور نو شدید زخمی ہو گئے تھے ،شہر کے حالات انتہائی کشیدہ ہیں،اس لئے صبح 10 بجے سے غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھکر کے علاقے کوٹلہ جام میں مذہبی رہنما غلام محمد کے قتل کیخلاف نکالی جانیوالی ریلی پر گزشتہ روز مخالفین نے فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 9 شدید زخمی ہو گئے تھے۔ دونوں گروپوں میں تصادم کے بعد شہر کے حا لات انتہائی کشیدہ ہیں اور مسلح افراد شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہے ہیں۔

ہسپتال میں زیر علاج 9 زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کا کہنا ہے کے اگر 2 روز میں حکومت نے قاتل گرفتار نہ کیے تو بھرپور احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔ احتجاج اور ہنگاموں کے پیش نظر انتظامیہ نے شہر میں صبح 10 بجے سے کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی سی او بھکر کے مطابق کرفیو کوٹلہ جام ،دریا خان اور پنج گرائیاں کے علاقوں میں غیر معینہ مدت کیلئے نافذ ہو گا،شہر بھر کے تعلیمی ادارے اور تجارتی مراکز بھی بند ہیں۔