بھکر کے کئی علاقوں میں حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے

Bhakkar Police

Bhakkar Police

بھکر (جیوڈیسک) بھکر کے کئی علاقوں میں حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے۔ جمعہ کے روز 2 مذہبی گروپوں میں مسلح تصادم کے بعد ضلع بھکر میں حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ تاہم دریا خان، کوٹلہ جام اور پنج گرائیں میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ ہے۔

ضلع بھکر میں 2 مذہبی گروپوں کے درمیان تصادم میں ہلاک ہونے والے دونوں مذہبی گروپوں کے 12 افراد کی الگ لگ نماز جنازہ اور تدفین پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں ہوئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تصادم کے باعث دریا خان، پنج گرائیں اور کوٹلہ جام میں صبح 10 بجے سے بدستور کرفیو ہے جبکہ ضلع کے دیگرعلاقوں میں حالات معمول پر آرہے ہیں۔

پیٹرول پمپ، ہوٹل اور دیگر دکانیں اور مارکیٹیں بھی کھل گئیں۔ تاہم ان علاقوں میں دفعہ 144 نافذ ہے۔بھکر میں مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ وہ بھکر کی سرزمین کو پرامن دیکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت ہماری مدد کرے۔ بھکر کی سرزمین کو پرامن بناکر دم لیں گے۔

ادھر لیہ میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے اہلسنت والجماعت کے مرکزی صدر احمد لدھیانوی کا کہنا تھا کہ بھکرمیں فساد کی کوشش قابل مذمت ہے۔ بھکر واقعے کے خلاف آج سے ملک گیر مظاہرے کئے جائیں گے۔