بھکر، وہاڑی : پاکستان عوامی تحریک کے 260 سے زائد کارکن گرفتار

Bhakkar

Bhakkar

بھکر (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام آج یوم شہدا منایا جا رہا ہے۔ بھکر اور وہاڑی میں تحریک کے 260 سے زائد کارکن گرفتار کرلیے گئے۔ گجرات میں جی ٹی روڈ پر چناب پل دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او بھکر شاکر حسین کا کہنا ہے کہ خوشاب سے واپس آنے والے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 223 کارکنوں کو گرفتار کیاگیا جن کے قبضے سے پولیس سے چھینی گئی۔

وردیاں،دو بلٹ پروف جیکٹیں،اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق گرفتار کارکنوں میں دو روز پہلے خوشاب کے تھانا قائد آباد پر حملہ کرکے جلانے والے افراد بھی شامل ہیں۔

وہاڑی میں بھی پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے مزید 40 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔وہاڑی میں اب تک زیرحراست کارکنوں کی تعداد 100 سے زائد ہو گئی ہے۔

ادھر گجرات میں جی ٹی روڈ پر چناب پل دوبارہ کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سرگودھا میں خوشاب سرگودھا روڈ پر پاکستان عوامی تحریک کا دھرنا 22 گھنٹوں بعد ختم کر دیا گیا ہے۔ دھرنا شہریوں اور عوامی تحریک کے رہنماوں کے درمیان مزاکرات کے بعد ختم کیاگیا۔