بھٹ شاہ میں شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے 271ویں عرس کی تقریبات کا آغاز

Abdul Latif Bhati Urs

Abdul Latif Bhati Urs

بھٹ شاہ (جیوڈیسک) حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 271ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، وزیراعلیٰ کی مشیر شرمیلا فاروقی اور صوبائی وزیر اوقاف ضیاالحسن لنجار نے مزار پر حاضری دی، جبکہ گدی نشین سید نثار حسین شاہ لطیف نے بھی مزار پر چادر چڑھائی اور خصوصی دعائیں مانگیں۔ عرس کے موقع پر ضلع اور صوبائی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سندھ بھر سے ہزاروں زائرین و عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ اوقاف، محکمہ زراعت اور دیگر محکموں کی جانب سے مختلف نمائشوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، شاہ جو باغ میں محکمہ ثقافت کی جانب سے ثقافتی گوٹھ بنایا گیا جس میں شہید بینظیر بھٹو کے مجسمے کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا جبکہ ثقافتی گوٹھ میں بلاول انسٹیٹیوٹ کی جانب سے بھی مختلف قسم کے اسٹال لگائے گئے۔

ملاکھڑا اسٹیڈیم میں سندھ کے ثقافتی کھیل ملھ کے دلچسپ مقابلے ہوئے، میلے میں سندھ بھر سے اعلیٰ نسل کے گھوڑوں کی دوڑ کے مقابلے بھی ہوئے، محکمہ صحت کی جانب سے ایڈز سے متعلق آگاہی اور بچائو کے لیے اسٹال لگایا گیا ہے، متحدہ قومی موومنٹ نے بھی عرس کے میلے میڈیکل کیمپ لگایا ہے۔

میلے میں مختلف قسم کی مٹھائیوں کی بھی خوبصورت دکانیں سجائی گئی ہیں جبکہ تفریحی مقامات پر موت کا کنواں، سرکس اور دیگر دلچسپ چیزیں و جانور رکھے گئے ہیں جہاں بچوں کا بہت بڑا رش نظر آیا ۔ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے سندھ بھر سے اعلی نسل کے سیکڑوں مویشی لائے گئے تھے۔ عرس کے موقع پر بڑی تعداد میں پولیس نفری تعینات کی گئی، جو درگاہ سمیت مختلف سڑکوں اور چوراہوںپر تعینات تھے جبکہ شہر میں گشت بھی جاری تھا، بھٹ شاہ پولیس نے جیب کتروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے میلے کے مختلف مقامات سے 30 سے زائد جیب کتروں کو حراست میں لے لیا ہے۔