بہاولپور کی خبریں 05.03.2013
Posted on March 6, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
ریلوے اسٹیشن پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الھدی نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے وجود نے امن تباہ کر دیا ہے
بہاولپور (بیورورپورٹ، این این اے)ریلوے اسٹیشن پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الھدی نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے وجود نے امن تباہ کر دیا ہے اور کراچی میں لگائی جانے والی آگ ملک کے دیگر حصوں میں پھیل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 32سال سے ایم کیو ایم ہر حکومت میں شامل رہی ہے اس نے کراچی کو امن دینے کی بجائے بھتہ خوری اور لاشوں کا تحفہ دیا ہے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیرمحمد حسین محنتی اور امیر صوبہ پنجاب جماعت اسلامی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ کراچی میں جنگل کا قانون ہے زرداری کی حکومت نے کراچی کی عواقم سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا ہے مگر اب پاکستان کے عوام جاگ گئے ہیں اور انقلاب قریب ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے بغیر الیکشن نہیں ہونے دیں گے ۔ٹرین مارچ میں مسلم لیگ نون ، فنگشنل لیگ اور عوامی مسلم لیگ کے راہنمائوں کے علاوہ کارکنان کی ایک بڑی تعداد ریلوے اسٹیشن پر موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی نے ہمیشہ” جمہوریت قائم ہے” کی رٹ لگائی ہے مگر وہ بتائیں کہ جمہوریت ہے کہاں
بہاولپور (بیورورپورٹ، این این اے) پیپلزپارٹی نے ہمیشہ” جمہوریت قائم ہے” کی رٹ لگائی ہے مگر وہ بتائیں کہ جمہوریت ہے کہاں؟ اس بات کا اظہار امیر ضلع جماعت اسلامی امیدوار حلقہ پی پی 275ڈاکٹر محمد اشرف نے یزمان میں انتخابی مہم کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ زرداری جمہوریت کی دم پکڑ کر ہمیشہ راگ الاپتے رہتے ہیں مگر وہ بتائیں کہ جمہوریت ہے کہاں ؟ ان کی حکومت نے کون سا کام جمہوریت کے اصولوں کے مطابق کیا ہے زرداری حکومت نے جمہوریت کو قائم کرنے کی بجائے ملک کو دوٹکڑے کرنے میں اپنی ساری توانائی خرچ کر رکھی ہے ملک میں لوٹ مار کرپشن بھتہ خوری ٹارگٹ کلنگ بوری بند لاشیں امن وامان اور معیشت کی بربادی کو فروغ دیا ہے انہوں نے مزید کہاکی سانحہ عباس ٹائون قوم کیلئے بہت افسوس سناک سانحہ ہے اس کی پہلے سے اطلاع رحمن ملک کو تھی پھر بھی وہ خرگوش کی طرح آنکھیں بند کیے الزام تراشیاں کرتے رہے انہوں نے اس سلسلہ میں حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کیے جبکہ سندھ اور وفاق میں ان کی اپنی ہی حکومت تھی انہوں نے مزید کہاکہ حکومتی ارکان نے قوم کا بھلا سوچنے کی بجائے اپوزیشن کے کیٹرے نکالنے میں 5سال کا عرصہ گزار دیا جبکہ انہی ایام میں جمہوری عمل کمزور سے کمزور تر ہوتا رہا جو کہ جمہوریت کی ناکامی کی دلیل ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک محمد اقبال چنٹر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرواکے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہونے کا ثبوت دیا ہے
بہاولپور (بیورورپورٹ، این این اے)صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک محمد اقبال چنٹر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرواکے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی آمد پر جھانگی والا میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کہی۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے جنوبی پنجاب میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 260ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ قوم کو اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ایماندار،مخلص اور با صلاحیت قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا جو میاں محمد شہباز شریف اور میاں محمدنواز شریف کے سوا اور کوئی ہو نہیںسکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اپنی مدد آب کے تحت چولستان میں 400میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کیا ہے جس پر ڈیڑھ ارب ڈالر خرچ ہونگے یہ منصوبہ جرمنی کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا جس پر حکومت پنجاب کا ایک روپیہ خرچ نہ ہوگا اور 5سینٹ فی یونٹ فائدہ بھی الگ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ بہاولپور کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ صوبہ بھر میں جتنے بھی ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ان کا آغاز بہاولپور سے کیا گیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر کے غریب اور متوسطہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے عوام کے لئے کچی آبادی ،جناح آبادی سکیم اور آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا اجرا کر کے دیگر جماعتوں کے کھوکھلے نعروں کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنٹر نے وزیراعلیٰ کو بہاولپور آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے عوامی فلاحی منصوبوں کی بدولت عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ بہاولپور کے بے گھر عوام کیلئے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم جیسے شاندار منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے جس سے عوام کو اپنی چھت کی سہولت میسر آئے گی۔بعد ازاں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ثانونی تعلیمی بورڈ روڈ پر آشیانہ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ سہیل عامر، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن طاہر خورشید موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہاولپور (بیورورپورٹ، این این اے)17ویں ٹور ڈی سائیکل ریس کے شرکاء 22مارچ کو بہاو لپور پہنچیں گے
بہاولپور (بیورورپورٹ، این این اے)17ویں ٹور ڈی سائیکل ریس کے شرکاء 22مارچ کو بہاو لپور پہنچیں گے ۔ اس سلسلہ میں ڈی سی او ڈاکٹر نعیم رئوف کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن خواجہ محمد ادریس نے بتایا کہ 16مارچ کو پشاور سے شروع ہونے والے اس سائیکل ریس میں ایران ، افغانستان اور سنٹرل ایشیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی بھی شرکت کر رہے ہیں اور مجموعی طور پر 70کھلاڑی شریک ہوں گے۔ سپورٹس آفیسر مہر عبد الرشید نے بتایا کہ ریس کے شرکاء بہاول پور میں ایک روز قیام کے بعد 23مارچ کو رحیم یار خاں کے لئے روانہ ہوں گے۔ ڈی سی اونے ہدایت کی کہ شرکاء کے قیام اور ان کے استقبال کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ریسکیو 1122کا پنجاب کی بارہ تحصیلوں میں مارچ کے تیسرے ہفتے میں باقاعدہ طورافتتاح کر دیا جائے گا
بہاولپور (بیورورپورٹ، این این اے)ریسکیو 1122کا پنجاب کی بارہ تحصیلوں میں مارچ کے تیسرے ہفتے میں باقاعدہ طورافتتاح کر دیا جائے گا۔ ریسکیو سٹیشن پنجاب کی تمام بڑی تحصیلوں میں تعمیر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو یکساںنمونے کے طرز پر بنائی گئی ہے اور ریسکیو 1122کے محکمہ کی پہچان ہے۔یہ بات ڈویژنل ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122آصف رحیم چنڑ نے ایک ملاقات میں بتائی۔انہوںنے بتایا کہ ابتدائی طور پر تحصیل لیول پر میڈیکل اور ریسکیو کی خدمات عوام الناس کو پہنچائی جائیں گی اور آگ بجھانے کی سہولیات بعد میں دستیاب ہوں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے پنجاب کی 12بڑی تحصیلوں کے لیے منتخب کامیاب504 امیدوارو ں کا ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور سے پاس آئوٹ کر دیا ہے ۔اس ضمن میں تحصیل احمد پور شرقیہ کے لیے ریسکیوئرز کی تربیت بہاولپوروکٹوریہ ہسپتال کے شعبہ حادثات میں منعقد کروائی جا رہی ہے۔یہ نوجوان مارننگ، ایوننگ اور نائٹ تین شفٹوں میں تربیت حاصل کریں گے۔ علاوہ ازیں ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرملک آصف رحیم چنڑ نے ترقی پانے والے ریسکیوئرز کو رینکس لگائے اور مبارکباددی۔جن میں ریسکیو سیفٹی آفیسر اعجازحسین، سٹیشن کوآرڈینیٹر عابد رحیم، شفٹ انچارج آصف جمیل اور شفٹ انچارج محمداکرم شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل بہاول پور نے صارفین کو ان کے حقوق سے آگاہی
بہاولپور (بیورورپورٹ، این این اے)ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل بہاول پور نے صارفین کو ان کے حقوق سے آگاہی اور ان کے حصول کے لئے معلومات فراہم کرنے کے لئے گرلز ڈگری کالج خیر پور ٹامیوالی میں ایک سیمینار منعقد کیا۔ سیمینار میں پرنسپل ڈگری کالج خیر پور ٹامیوالی یاسمین سکندر، اساتذہ، سٹاف ممبران اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل بہاول پور نے سیمینار میں موجود شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حق کو جاننا اور پھر اس کے حصول کی جدوجہد کرنا مہذب قوم اور معاشرے کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کرتے وقت رسید ضرور حاصل کریں اور بطور خریدار اشیاء میں کسی بھی نقص، نامناسب خدمات کی صورت میں درخواست دے کر اپنا حق حاصل کریں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے شرکا ئے سیمینار کو درخواست دینے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی تحفظ صارف کونسل بہاول پور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر نعیم رئوف کی سربراہی میں ہمہ وقت صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے اور ان کے حل کے لئے کوشاں و سرکرداں ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل) نے کہا کہ ہر سال 15مارچ کو دنیا بھر میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ سیمینار سے پرنسپل گرلز ڈگری کالج خیر پور ٹامیوالی نے بھی خطاب کیا اور ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر ڈاکٹر نعیم رؤف نے بہاولپور ضلع میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144نافذ کر دی ہے
بہاولپور (بیورورپورٹ، این این اے)ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر ڈاکٹر نعیم رؤف نے بہاولپور ضلع میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144نافذ کر دی ہے۔ اس حکم نامے کے تحت سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ امتحان برائے جماعت نہم و دہم کے لئے بنائے گئے۔امتحانی مراکز کی ایک سو میٹر حدود تک امیدوار امتحان و امتحانی عملہ کے علاوہ دیگر افراد کے داخلہ پر پابندی ہوگی اسی طرح امتحانی مراکز کی ایک سو میٹر حدود میں کسی قسم کی کتب،گائیڈ،حل شدہ پرچے وغیرہ لے جانے کی بھی اجازت نہ ہوگی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر بہاولپور چوہدری اشتیاق احمد جاوید کے جاری کردہ ٹور پروگرام کے مطابق وہ رواں ماہ کے دوران 6مارچ کو یزمان،9مارچ کو احمد پور،13مارچ کو خیر پور ٹامیوالی،16مارچ کو حاصل پور،20،بہاولپور سٹی،20مارچ کو یزمان ،22مارچ کو بہاولپور صدر،27مارچ کو احمد پور شرقیہ اور 30مارچ کو حاصل پور کا دورہ کریں گے جہاں وہ ریونیو افسران سے ملاقات کے دوران حکومتی واجبات کی وصولی ،پڑتال،ریکارڈ،سب رجسٹرار دفاتر کا معائنہ،رجسٹریشن برانچ کا معائنہ اور پٹہ ملکیت سے متعلقہ زمین کا معائنہ کریں گے۔
ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن بہاولپور بشیر احمد چوہدری نے متعدد سرکاری سکولوں کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران سینئر ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حمائتیاں مسز شمیم نیاز اور ایس ایس ای رابعہ حمید اور انجم ناز غیر حاضر پائی گئیں۔ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول اسلامی مدرسہ کے اوٹی ٹیچر حافظ محمد انور اور ایس وی ٹیچر عبدالغفار بھی غیر حاضر پائے گئے۔ای ڈی او ایجوکیشن نے قانونی کاروائی عمل میں لانے کا حکم جاری کیا ہے۔
پنجاب ہائی وے پٹرول بہاولپور کی موبائل ایجوکیشن یونٹ نے بہاولنگر سٹی کے پرائمری سکولوں میں ٹریفک قوانین سے آگاہی بارے پروگراموں کا انعقاد کیا۔ اس موقع پرطلباء ، اساتذہ اور عام لوگوں کو ڈینگی وائرس بارے بھی معلومات فراہم کی گئیں۔انچار ج موبائل ایجوکیشن یونٹ محمد اکرم ذکی نے کہا کہ ڈینگی مچھر2003ء میں ضلع خوشاب میں نمودارہوا جس کی اب تک متعدد اقسام سامنے آچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیماری لا علاج نہیں ہے اور اگر اس کی بروقت تشخیص ہو جائے تو اس بیماری پر کنٹرول ممکن ہے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کر کے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ اس موقع پر لوگوں میں بروشر اور پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے اور پنجاب ہائی وے پٹرول کی ہیلپ لائن042-1124کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میجر جنرل ملٹری اینڈ کنٹومنٹس(تمغہ حلال امتیاز)میجر جنرل طاہر مسعود کے سسر سینئر وکیل چوہدری محمد اسلم بقضائے الٰہی انتقال کر گئے
بہاولپور (بیورورپورٹ ، این این اے)میجر جنرل ملٹری اینڈ کنٹومنٹس(تمغہ حلال امتیاز)میجر جنرل طاہر مسعود کے سسر سینئر وکیل چوہدری محمد اسلم بقضائے الٰہی انتقال کر گئے۔ نماز جنازہ ون یونٹ کالونی گرائونڈ میں ادا کی گئی جس میں اعلیٰ فوجی و سول افسران کے علاوہ ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کے ایگزیکٹو افسران اور بہاول پور کنٹومنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر ایلیا اسد، افسران و عملہ اور عمائدین نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ سینئر وکیل چوہدری محمد اسلم کے انتقال پر وکلا نے عدالتوں میں کام نہیں کیا۔
Attock, News, rulers, economic
۔