بھمبر (جی پی آئی) بھمبر مرکزی بازار ، کوٹھی موڑ، میرپور چوک، سماہنی چوک روڈ پر تجازوات کی بھر مار غیر ضروری پارکنگ ٹریفک جام معمول بن گیا ٹریفک اہلکار خاموش تماشائی، دن کے اوقات میں ٹریکٹر ٹرالیوں ، ڈمپرز ، سمیت دیگر ہیوی ٹریفک کا بھی اندرون شہر گذر وبال جان بن گیا شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا اعلیٰ حکام سے اصلاح و احوال کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق بھمبر کا مرکزی بازار جو کوٹھی موڑ سے شروع ہو کر میرپور چوک تا سماہنی چوک اور سماہنی روڈ پر مشتمل ہے پر غیر ضروری پارکنگ اور تجاوزات نے بڑے مسائل پیدا کر دئیے کوٹھی موڑ سے سماہنی چوک تک ریڑھیوں ، دوکانداروں کی تجاوزات بڑی گاڑیوں کی پارکنگ، سڑک کنارے کنسٹرکشن میٹریل ٹریفک جام کا باعث بن گیا جبکہ تجاوزات اور غیر ضروری پارکنگ کے باعث عام گذرنے والے راہیگروں اور مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے دن کے اوقات میں ٹریکٹر ٹرالیوں ، ڈمپرز اور دیگر ہیوی ٹریفک کی شہر میں دن بھر آمد کے باعث بھی شہریوں کو شدید مشکلات کے سامنے کے ساتھ ساتھ ہر وقت حادثات کا بھی خطرہ موجود ہے جبکہ مختلف جگہوں پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار چپ سادھے کھڑے رہتے ہیں بھمبر کے شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اور ٹریفک پولیس کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خاتمہ اور دن کے اوقات میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی اور غیر ضروری پارکنگ کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر (جی پی آئی ) بھمبر مسجد سے نماز پڑھ کر نکلنے والے نوجوان پر نامعلوم نقاب پوش افراد کا قاتلانہ حملہ چاقوں کے وار کر کے شدید زخمی کر کے موقع سے فرار شور شرابہ پر اہل محلہ نے زخمی نوجوان کو ہسپتال منتقل کر دیا پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی واقعہ کے بعد شہر میں خوف و ہراس تفصیلات کے مطابق بھمبر میں حافظ شجاع الرحمان حملہ کے بعد ایک اور قاتلانہ حملہ نامعلوم نقاب پوش افراد نے گذشتہ رات مسجد ابراہیم سے مغرب کی نماز پڑھ کر پائلٹ سکول سے ملحقہ گلی سے گذرنے والے 20 سالہ بلال احمد ولد عبدالحمید پر تیز دھار چاقوں سے حملہ کر کے پیٹ ، ٹانگوں اور بازوپر وار کئے اور اسے شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے زخمی نوجوان کے شور شرابہ پر اہل محلہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع کی اور مضروب کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا زخمی نوجوان کے مطابق حملہ آور تعداد میں 2 افراد تھے جنہوں نے اپنے چہرے پر چادروں سے ڈھانپ رکھے تھے اور جن کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان تھیں پولیس نے مضروب کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر واقعہ کی تفتیش شروع کر دی یاد رہے کہ 20 روز قبل اس طرح کی ایک قاتلانہ حملہ کی واردات عین شہر کے وسط میں ہوئی جس کا ابھی تک کوئی سراغ نہ لگایا جا سکا اور گذشتہ رات ہونے والی واردات کے بعد شہر کے اندر شدید خوف و ہراس پھیل گیا بھمبر کے شہریوں نے پے درپے ہونیوالے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی بھمبر سے وارداتوں کا سراغ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر (جی پی آئی ) بھارت نے نام نہاد جمہوریت کی آڑ میں کشمیریوں کے پیدائشی حق حق خودارادیت کو بندوق کی نوک پر دبا رکھا ہے بھارت کی فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا حق حق خوداردایت دلانے کیلئے کرادار ادا کرے ان خیالات کا اظہار آزاد امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے 5 برنالہ ملک عبدالمالک اعوان نے برنالہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم نے 26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر بین الاقوامی برادری کو یہ پیغام دیا ہے کہ دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک بھارت نے کشمیریوں کا پیدائشی حق حق خودارادیت بندوق کی نوک پر دبا رکھا ہے جسے کشمیری کسی صورت قبول نہیں کرتے اور کشمیری ہر صورت بھارت سے آزادی لیکر رہیں گے انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے نہ ہی پاکستان کو مرعوب کر سکتا ہے اور نہ ہی مسئلہ کشمیر کو کمزور کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنا بڑا بھائی تسلیم کرتے ہیں جس کا عین ثبوت 5 فروری کو اہل پاکستان کا کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی منانا ہے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو رکوائے اور جنوبی ایشیا میں مستقل قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان و آزاد کشمیر بھی تحریک آزادی کشمیر کو مضبوط اور متحرک بنانے کیلئے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرے اور مختلف ملکوں میں تعینات سفیروں کو مسئلہ کشمیر پر لابنگ کرنے کا پابند بنائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر(جی پی آئی )کمشنر میرپور ڈویژن و ادارہ ترقیات میرپور کے ڈائریکٹر جنرل راجہ امجد پرویزنے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، کلری نیابت کا قیام وزیر اعظم کا احسن اقدام ہے جس سے 10 حلقہ پٹوار کے عوام مستفید ہوں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلری نیابت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں ڈپٹی کمشنر بھمبرارشد محمودجرال،ایس ایس پی بھمبرچوہدری منیر حسین ، اسسٹنٹ کمشنر راجہ طارق محمودو دیگر آفیسران بھی موجود تھے ، جبکہ علاقہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات راجہ یعقوب خان آف پنجیڑی ،ایس پی ریٹائرڈ راجہ نصراللہ خان ،سابق ممبر ضلع کونسل ڈاکٹر سہراب خان، میجر (ر)راجہ ماجد حسین ،راجہ ظفر اقبال ،ڈاکٹر محمد اسلم ،چوہدری مختار احمد ، چوہدری رمضان ، چوہدری رفیق ،سیکرٹری مرزامشتاق ، سابق ممبر ضلع کونسل راجہ خالد پرویز ، چیئرمین راجہ فاروق احمد ، راجہ گل نوید،مسلم لیگ ن تارکین وطن کے راہنما راجہ امتیاز احمد ، سابق ممبر ضلع کونسل راجہ محمد اسحاق خان ،ماسٹر امیر عالم،کرنل (ر)راجہ طاہر نجیب ،چوہدری لال حسین ، چوہدری محمد اسلم ،چوہدری نعیم مڑیال ، مرزا صوفی نذیر ،مسلم لیگ ن حلقہ کے صدر راجہ اظہر اقبال ،راجہ عمران افضل، راجہ مختار احمد کے علاوہ تینوں یونین کونسلز پنجیڑی ، کسگمہ اور کلری کے نمائندہ افراد کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی ،نیابت کے قیام کی خوشی میں عوام علاقہ میں انتہائی جوش وخروش پایا جاتا تھا ،نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالتے ہوئے نیابت کے قیام پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کا شکریہ ادا کیا، کمشنر میرپور ڈویژن راجہ امجد پرویز جب نیابت دفتر کا افتتاح کرنے کلری پہنچے تو عوام علاقہ نے ان پر ڈھیروں گل پاشی کی،اس موقع پر انہوں نے عوام علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید آزادکشمیر میں بلاتخصیص تعمیر وترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہیں اورعوام علاقہ کے بھرپور مطالبہ کو وزیر اعظم آزادکشمیر نے پذیرائی دیتے ہوئے کلری نیابت کے قیام کو بھی پایہ تکمیل پہنچایا ، انہوں نے کہا کہ عوام علاقہ کے اتفاق رائے اور اجتماعی فکر سے نیابت دفتر کیلئے حصول آراضی کے عمل کو مکمل کیا جائے جس پر انشاء اللہ حکومت جلد ہی عمارت کی تعمیر کے عمل کو بھی شروع کرے گی ،قبل ازیں کمشنر میرپور راجہ امجد پرویز علی خان نے نیابت دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد نیابت انچارج نائب تحصیلدار چوہدری فضل حسین و دیگر اہلکاران کو ان کی نشستوں پر بیٹھاتے ہوئے دفتری مکانیت پر اطمینان کا اظہار کیا،تقریب میں عوام علاقہ کے نمائندہ افراد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیابت قیام حکومت اور بلخصوص وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی کاوشوں کا ثمر ہے جس پر عوام علاقہ وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ذات ، برادری اور علاقائی ازم سے بالا تر ہوکر خالصتاََعوامی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیابت کا قیام عمل میں لایا، مقررین نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل بھی کلری(کماگری) میں نیابت موجود تھی لیکن ایک طویل عرصہ سے عوام علاقہ کو آراضی کی نقل لینے کیلئے بھی طویل مسافت طے کرکے بھمبر جانا پڑتا تھالیکن اب یونین کونسل کسگمہ ، یونین کونسل پنجیڑی اور یونین کونسل کلری کے ہزاروں افرادبلاامتیاز ہر غریب و امیر نیابت قیام سے بھرپور مستفید ہوں گے، مقررین نے کہا کہ نیابت کو عارضی عمارت سے مستقل عمارت میں منتقل کرنے کیلئے عوام علاقہ نے محکمہ مال کو بلامعاوضہ زمین مہیا کریں گے جس پر حکومت نیابت کی سرکاری عمارت تعمیر کرے گی، عوام علاقہ کی جانب سے زمین عطیہ کرنے کے فیصلہ کو کمشنر میرپور نے سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بھمبر کو ہدایت کی کہ وہ آراضی کا جملہ پراسس مکمل کرکے ڈاکومنٹس ارسال کریں اس پر انشاء اللہ جلد ہی عمارت تعمیر کے پراسس کو بھی مکمل کیا جائے گا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر (جی پی آئی )کشمیری مقبول بٹ شہید کی جلائی ہوئی شمع کو اپنے خون سے روشن رکھیں گے مقبول بٹ شہید کے ادھوے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے 11 فروری کشمیر کی تاریخ میں بڑی اہمیت کا دن ہے 11 فروری کو کشمیری قوم مقبول بٹ شہید کی برسی انتہائی عقیدت و احترام اور یوم تجدید کے طور پر منائے گی ان خیالات کا اظہار کشمیر فریڈم موومنٹ کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری راجہ محمد ارشد آف ڈڈیال نے کیا انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ شہید ایک نظریے، سوچ فکر اور انقلاب کا نام ہے مقبول بٹ شہید نے ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی اور ریاست کی وحدت کی بحالی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے کشمیریوں اور غلام قوموں کیلئے کامیابی کی نئی راہ متعین کی تھی انہوں نے کہا کہ 11 فروری کو پوری ریاست جموں و کشمیر اور دنیا میں جہاں جہاں کشمیری آبادی ہیں شہید کشمیر کو مقبول بٹ شہید کی برسی انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ اور تجدید عہد کے طور پر منائیگی ریلیاں ، جلسے جلوس اور سیمینار منعقد کر کے شہید کشمیر کی جدوجہد اور قربانی کو بھر پور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جائیگا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر (جی پی آئی ) دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر جنرل راحیل شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے ہونگے دہشت گردوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں شکار پور کا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے ان خیالات کا اظہار میلاد کمیٹی بھمبر کے صدر چوہدری محمد اکرم مقدم، راجہ مسعود اقبال، راجہ فیصل انقلابی، راجہ فہد خورشید نے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بھٹکے ہوئے لوگ ہیں جن کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہ ہے مذہب اور فرقہ واریت کے نام پر معصوم اور کم سن بچوں کو ورغلا کر اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں مٹھی بھر دہشت گردوں اور انتہا پسندوں نے پورے ملک کو یر غمال بنا رکھا ہے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خامت کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر افواج پاکستان اور جنرل راحیل شریف کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے انہوں نے کہا کہ شکار پور میں بے گناہ اور معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے پھانسی پر لٹکایا جائے تا کہ دیگر دہشت گردوں کو اس سے عبرت حاصل ہو انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمہ کیلئے ضرب عضب کو پورے ملک میں پھیلایا جائے۔