بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) بھمبر میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات قاتل نے رشتہ دار خاتون اور بازار میں معروف تاجر کو گولیاں مار کر قتل کردیا قاتل نے اپنے آپ کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی قاتل بھمبر کے نجی کالج میں ٹیچر تھا آج ہی مقامی اسلحہ شاپ سے بغیر لائسنس پستول خرید کر واردات کر ڈالی وجہ عنادقتل سامنے نہ آ سکی بھمبر پولیس نے نعشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔
تفصیلات کیمطابق بھمبرکا رہائشی نوجوان عمران رزاق ولد محمد رزاق جو بھمبرکے مقامی نجی کالج میں ٹیچر تھا نے آج دن 1بجے کے قریب کوٹھی موڑ کے علاقہ میں رشتہ دار خاتون نورین عباس زوجہ ظہیر الدین بابر جو قریبی رشتہ داروں کے گھر میں موجود تھی میں جاکر 30 بور پستول سے گولیاں مار دیں جس سے خاتون موقع پر جان بحق ہو گئی قاتل موقع واردات سے فرار ہو کر مین بازار میں مشہور روز فیبرکس کلاتھ ہاؤس پہنچ گیا اور دوکان میں داخل ہو کر کاؤنٹر پر بیٹھے معروف تاجر ملک اسد اللہ حیدر ولد ملک محمد اکبر کو سر اور چھاتی میں گولیاں مار دیں اور خود کو دوکان کے دروازے پر کن پٹی پر گولی مار کر خودکشی کر لی واردات کے دوران دوکان اور بازار میں بھگدڑ مچ گئی اس دوران مقامی افراد نے شدید زخمی اسد اللہ حیدر کو ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان بحق ہو گئے اطلاع پر بھمبرپولیس موقع پر پہنچ گئی اور موقع واردات سے قاتل اور خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
قتل کی لرزہ خیز واردات کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی یاد رہے کہ قاتل نے آج ہی بھمبرکے مقامی معروف اسلحہ شاپ سے بغیر لائسنس 30بورپستول اور گولیاں خریدیں اور دوپہر کو واردات کر ڈالی ڈپٹی کمشنر بھمبرنے نیشنل ایکشن پلان کے تحت لگی پابندی کی خلاف ورزی اور بغیر لائسنس اسلحہ فروخت کرنے پر مقامی اسلحہ شاپ کو سیل کرنے اور اسلحہ ڈیلر کی گرفتاری کا حکم دیدیاقتل کی اس لرزہ خیز واردات کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا بھمبرکے شہریوں اور تاجروں نے معروف تاجر ملک اسداللہ حیدر کے بہیمانہ قتل پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور بھمبر پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور بغیر لائسنس اسلحہ فروخت کرنیوالے اسلحہ ڈیلر کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سابق سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق ،ڈپٹی کمشنر بھمبرمرزا ارشد محمود جرال ،مرکزی صدر کشمیر فریڈم موومنٹ انجینئر خالد پرویز بٹ ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر راجہ ندیم عارف ،اسسٹنٹ کمشنر راجہ طارق خان ،نائب تحصیلدار راجہ نثار احمد ،چوہدری اسفند یار طارق ،ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چوہدری ارشد محمود ،سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ راجہ شاہد انور خان ،چوہدری جمیل سلطان سمیت شہریوں کی کثیر تعداد ہسپتال پہنچ گئی اس افسوس ناک واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔