بھمبر (ڈسٹر کٹ رپو رٹر) پیپلز ہائوس بھمبر میں بے نظیر بھٹو شہید کی ساتویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائوسنگ و فزیکل پلاننگ و مرکزی چیف آرگنائزر پی پی پی چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ شہید جمہوریت بے نظیر بھٹونے لیاقت باغ میں اپنے خون کا نذرانہ دے کرعوام سے اپنی کمٹمینٹ کا ثبوت دیا ،وہ عوامی لیڈر تھیں ،جان کے خطرے کے باوجود وہ عوام کے حقوق کی خاطر پاکستان آئیں اور عوامی حقوق کی آواز بلند کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ، پیپلز پارٹی مضبوط وفاق کی علامت ہے اس کوختم کرنے والے خودمٹ جائیں گے ،شہید قائدذوالفقار علی بھٹواور شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کا مشن جاری رہے گا۔
چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ محترمہ شہید کی پاکستان و کشمیر کے لیے بے انتہاء خدمات ہیں ،مظفر آباد میں بے نظیر نے کہا کہ جہاں عوام کا پسینہ گرے گا وہاں میرا خون گرے گا جس کو انہوں نے سچ ثابت کر دکھایا،ان کی شہادت پر تمام سیاسی جماعتوں نے دکھ درد کا ظہار کیا ،وہ مناظر بھول نہیں سکتا جب وہ عوام کے حقوق کی لڑائی لڑتے ہوئے لیاقت باغ میں لمحوںمیں ہی ہماری نظروں سے اوجھل ہو گئیں ،وہ نڈر اور کارکنوں سے محبت کرنے والی لیڈر تھیں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستانی سا لمیت اور عوامی حاکمیت کے لیے بنائی گئی جماعت پیپلز پارٹی کا نظریاتی کارکن ہوں انہوں نے اس دن کے حوالے سے عہد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی اورخوشحالی کاجو نظریہ ذوالفقار علی بھٹو نے جو دیاتھا اسی نظریے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
پی پی کی قیادت اور حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،حکومت آزادکشمیر نے بے نظیر شہید کے فلسفے کے مطابق لوگوں کی خدمت کا سفر جاری و ساری رکھا ہوا ہے اپنے دور حکومت میں 3 میڈیکل کالجز ،یونیورسٹیاں ،ہزاروں کلو میٹر سڑکیں ،صحت کے مراکز،صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں سمیت دیگر اقدامات جماعت اور حکومت کے نصب العین کی وضاحت ہے انہوں نے کہا کہ عہدوں کی ان کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں پارٹی نے انہیںقائم مقام وزیر اعظم بھی بنایا مگر انہیںشہیدذوالفقارعلی بھٹو اور بی بی شہید کا کارکن ہونے پر زیادہ فخر ہے ،بے نظیر بھٹو کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا میرے والد نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ جو عہد کیا تھا وہ میں نے بی بی شہید کے ساتھ نبھایا اور آئندہ میں ،میرا بیٹا حسن اشرف اور بھائی ولید اشرف اسی عہد کوبے نظیر شہیدکے سیاسی وارثوں آصف علی زرداری ،بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کے ساتھ بھی نبھائیں گے۔
برسی تقریب کی صدارت ضلعی صدر چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ نے کی ،جبکہ تقریب سے چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ ،ضلعی جنرل سیکرٹری پی پی بھمبر چوہدری امتیاز تاج ایڈووکیٹ ،سٹی صدر راجہ محمد افضل ملوٹ ،ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی چوہدری گلزار ایڈووکیٹ ،چوہدری عبدالرحمان پھابنڑہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا منتظم تقریب ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پی پی و ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چوہدری ولید اشرف خود انتظامات کا جائزہ لیتے رہے ،اس سے قبل بے نظیر شہید کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی جبکہ اجتماعی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ،برسی تقریب میں بھمبر شہر ،حلقہ بھمبر اور حلقہ برنالہ سے پی پی کے سینکڑون کارکنوں نے شرکت کی۔
Benazir Bhutto Seventh Anniversary Reading Qur’aan