بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) بھمبر سانحہ کچہری کیس کا فیصلہ ،5 مجرموںکو 2 , 2 مرتبہ سزائے موت معہ 7 سال قید اور پانچ پانچ لاکھ روپے تاوان، 1 کو عمر قید، 1 کو 7 سال جبکہ دو ملزمان کو با عزت بری کر دیا گیاکیس کی سماعت سپریم کورٹ کے حکم پر ڈے ٹو ڈے 9 ماہ جاری رہی سزا پانے والوں میں سابق چیئرمین ضلع زکوٰة بھمبر چوہدری عدالت خان بھی شامل ملزمان نے 15 دسمبر 2011کو ضلع کچہری میں عدالتی پیشی کے دوران مخالفین پر فائرنگ کر کے پولیس کی حراست میں 2 قیدیوں سمیت 3 افراد کو قتل جبکہ پولیس کانسٹیبل سمیت 8 افراد کو زخمی کر دیا تھا جبکہ واقعہ کے 4 ملزمان اشتہاری قرار دئیے جا چکے ہیں تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بھمبر منشاء غوث اور ضلع قاضی بھمبر عبدالخالق عتیق پر مشتمل عدالتی بنچ نے آزاد کشمیرکے مشہور مقدمہ سانحہ کچہری بھمبر کا فیصلہ گذشتہ روز سنا دیا فیصلہ کے مطابق 5 مجرموں بدر منیر، نعیم اکرم، واجد علی ، ظفر محل ، جاوید کو تعزیرات پاکستان زیر دفعہ02 3کے تحت جرم ثابت ہونے پر 2,2 مرتبہ موت کی سزا سنائی اور زیر دفعہ 324کے تحت سزائے موت پانے والے مجرمان سمیت مجرم انصر کو 5,5 لاکھ روپے مالی تاوان سمیت 7,7 سال قید کی سزا سنائی جبکہ واقعہ کے ماسٹر مائنڈ سابق چیئرمین زکوٰة و عشر ضلع بھمبر و سالار مسلم کانفرنس ضلع بھمبر چوہدری عدالت خان کو اعانت کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی واقعہ کے دیگر دو ملزمان ولایت اور شمریز پر جرم ثابت نہ ہونے پر باعزت بری کر دیا گیا واقعہ میں ملوث 4 ملزمان عامر، کامران، عمران اور امانت تا حال روپوش ہونے کی وجہ سے 512 میں اشتہاری قرار دئیے جا چکے ہیں یاد رہے کہ ملزمان بالا نے 15 دسمبر 2011 کو ضلع کچہری بھمبر میں اس وقت اپنے مخالفین پر فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل اور 8 کو زخمی کر دیا تھا جب پولیس زیر حراست 4 قیدی مالے خان، محمد اعظم ، یاسر اورناظم عدالت پیشی کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کر رہے تھے کہ گیٹ کے سامنے پہنچنے پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تھی جس کے نتیجے میں زیر حراست قیدی مالے خان اور محمد اعظم خان اورراہ گیر وقار الحسن جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ پولیس کانسٹیبل سمیت8 افرادشدید زخمی ہوئے تھے جس کی F.I.R تھانہ پولیس سٹی بھمبر میں درج ہوئی تھی پولیس نے F.I.R درج کر کے 13 ملزمان میں سے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا جن کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں مقدمہ چل رہا تھا واقعہ کو اہم قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے حکم پر کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر 9 ماہ تک جاری رہی ملزمان کی طرف سے چوہدری غضنفر علی ایڈووکیٹ ، راجہ مظہر اقبال ایڈووکیٹ اور مستغیث مقدمہ کی طرف سے راجہ انعام اللہ ، راجہ محفوظ ایڈووکیٹ اور پراسیکیویشن کی طرف سے چوہدری امتیاز تاج ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) موضع بڑھنگ کے گائوں لس میں آگ سے جھلس کر شادی شدہ خاتون جاں بحق،محمد ارشاد کی اہلیہ بچوں کے لیے کھانا بنا رہی تھی کہ اچانک کپڑوں کو آگ لگ گئی،گھر میںکوئی اور بڑا موجود نہ ہونے کے باعث اس کا زیادہ تر جسم آگ سے جھلس گیا آگ سے زخمی خاتون کو تشویش ناک حالت میں سی ایم ایچ کھاریاں لے جایا گیا ،مگر جانبر نہ ہو سکی تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز موضع بڑھنگ کے گائوں لس میں محمد ارشاد نامی شخص کی اہلیہ اپنے گھر میں لکڑیوں کے چولہے پربچوں کے لیے کھانا بنا رہی تھی کہ اس کو پراسرار طور پر آگ نے لپیٹ میں لے لیا،بروقت آگ نہ بھجنے کے باعث اس کے جس کا زیادہ تر حصہ جھلس گیا ،بعد ازاں خاتون کو تشویش ناک حالت میں سی ایم ایچ کھاریاں لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی اور خالق حقیقی سے جا ملی،جسے نماز جنازہ کے بعد آبائی علاقے میں سپر دخاک کر دیا گیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) صدر مسلم کانفرنس ضلع بھمبر چوہدری محمد مصطفی نے کہا ہے کہ بھمبر میں مسلم کانفرنس آج بھی پوری آب و تاب سے موجود ہے ،مسلم کانفرنس ختم ہونے کا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں موثرجواب دیں گے ،مسلم کانفرنس اب کی باربھمبر کا میدان خالی نہیں چھوڑے گی ،قیادت نے جو فیصلہ کیااورجس امیدوار کو ٹکٹ جاری کیااسے من وعن تسلیم کریں گے اور وہی ہمارا متفقہ امیدوار ہوگاان خیالات کا اظہار چوہدری محمد مصطفی نے بھمبر میں ایک تنظیمی حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کر کے وزیر اعظم پاکستان نے کشمیریوں کی حوصلہ افزائی کی ،مسلم کانفرنس وفاقی حکومت کی کشمیر پالیسی کو سراہتی ہے انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے کشمیری قوم کو نئی امید دلائی ہے ،ان کی جرات مندی کو پوری کشمیری قوم سلام پیش کرتی ہے ،انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو دوبارہ آرگنائز کیا جا رہا ہے ،سازشوں سے مسلم کانفرنس کا اب راستہ روکا نہیں جا سکتا ،انشاء اللہ 2016 کے الیکشن میں کشمیریوں کی واحد نمائندہ جماعت حیران کن انتخابی نتائج دے گی،