بھمبر کی خبریں 30/9/2015

CH Anwarul Haq

CH Anwarul Haq

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) حلقہ کی محرومیوں کے خاتمے اور عوام کی ترجمانی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا عوام کو حق و سچ اور انصاف کے حصول کیلئے پہلے بھی آواز اٹھا تا رہاہوں اور آئندہ بھی یہی نظریہ اور منشور ہے پیپلزپارٹی غریبوں کی آواز ہے پیپلزپارٹی نے ہی غریبوں اور محروم طبقے کو شعور دیا اپنا حق لینے کا راستہ دکھایا اور پاکستان میں جب بھی پیپلزپارٹی برسراقتدار آئی زندگی کے تمام طبقات کو ریلیف ملا جبکہ موجودہ حکمرانوں نے ہر طبقہ فکرکو مایوس کر رکھا ہے حق و انصاف کیلئے جدوجہد کرتا رہوں گا ان خیالات کااظہار سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی چیئرمین گڈ گورننس چوہدری انوار الحق نے حلقہ بھمبر کے مختلف مقامات کے دوروں کے دوران عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہاکہ انکا کردار اور انکی سیاست سب کے سامنے ہے کوئی مائی کا لعل مجھ پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتامیرٹ کے حصول اور ظلم کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی حق دار کو حق دلانا ہی میری سیاست ہے غلط وعدہ نہ کبھی کیا ہے اور نہ کروں گا کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہرممکن کوشش کرتا رہوں گا ظالم کا ساتھی نہیں بلکہ ظالم کا ہاتھ روکنے والاہوں ہمیشہ بلا تحصیص مظلوم کا ساتھ دیا ہے اور اس کیلئے نہ اقتدار کی ضرورت ہے نہ کبھی اقتدار کیلئے بھا گا ہوں اور نہ کبھی اقتدار کی سیاست کی ہے محروم طبقات کو حقوق دلانا ہی میری سیاست ہے آج کا نوجوان میرٹ کی پامالیوں ے باعث مایوسیوں کا شکار ہے تھانہ کچہری کی ناانصافی کے باعث مظلوم طبقہ بے بسی کی داستا ن ہے ان لوگوں کی داد رسی ہی میری سیاست کا مرکز و محور ہے اعر جس جماعت میں مظلوم کی آواز سنی جائے اسی جماعت کی سیاست کرونگا آئندہ الیکشن عوام کی طاقت کیساتھ لڑونگا اور محبت رواداری ہی میرا پیغام ہے اور اسی پیغام کو لیکر آئندہ انتخابات میں عوام کے سامنے جاؤنگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) سابق سپیکر اسمبلی چیئرمین گڈ گورننس چوہدری انوار الحق کا دورہ کسگمہ مختلف شخصیات کی اموات پر فاتحہ خوانی اور مریضوں کی عیادت کی انہوں نے حاجی عبدالرحمن آف پھیاڑی والد محترم میرا میں استاد محمد فاروق کی والدہ محترمہ ،نکہ کھلا بٹ میں تنویر حسین کے چچا ،چوہدری کفیل احمد کے والد محترم چوہدری نصیر موڑا بہاڑیاں ،چوہدری سجاد حسین کے داماد عدنان یوسف،چوہدری کرامت حسین کے والد چوہدری ساون مولوی صغیر کے والد محترم محمد ظہیر کے والد محترم حاجی عبدالرحمن کی وفات پر مرحومین کے گھروں میں جاکر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت اور ورثاء کیلئے صبروجمیل کی دعا کی جبکہ چوہدری امام دین کی زوجہ محترمہ اور پوٹھی میںچوہدری نواب دین کی عیادت کی اس موقع پر باؤ محموداحمد نکہ ،ماسٹر اخلاق حسین ،چوہدری امانت علی ،چوہدری صابر حسین ،چوہدری پرویز علی ،چوہدری سلیمان یوسف ،چوہدری تنویر صابر ،چوہدری محمد اسلم ،چوہدری طیب علی، چوہدری شمریز اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں 2ماہ کے نجی دورے پر برطانیہ روانہ صدر معلمہ گرلز ہائی سکول بھمبر کو ڈی ای او جبکہ صدر معلمہ گرلز مڈل سکول ڈھوک للیاں کو اے ای او کا اضافی چاج دے دیا گیا تفصیلات کیمطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ خالدہ پروین 2ما ہ کے نجی دورے پر برطانیہ روانہ ہو گئی انکی غیر موجودگی میں صدر معلمہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھمبر محترمہ خالدہ ایوب کو ڈی ای او نسواں کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے جبکہ محترمہ نسرین شہزادی صدر معلمہ گورنمنٹ گرلزہائی سکول ڈھوک للیاں کو اے ای او نسواں کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے دونوں آفیسران نے اپنے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)تین اکتوبر صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کا بھمبر پہنچنے پر شاندار اور فقید المثال استقبال کیا جائیگا اس سلسلے میں مسلم کانفرنس بھمبرکے اجلاس میں استقبالیہ کمیٹیاں قائم کردی گئی جاتلاں ،پنجیڑی ،پوٹھی ،سیرلہ اور بھمبر کے مقام سابق وزیر اعظم کا استقبال کرنے کیلئے مسلم کانفرنس کے کارکنوں میں جوش و خروش صدر مسلم کانفرنس ضلع بھمبر چوہدری غلام مصطفی ،سیکرٹری جنرل صوفی مسعود اسلم ،چوہدری خضر حیات ،راجہ محمد اقبال ،ٹھیکیدار طارق محمود ،شیخ محمد صادق نے عوام رابطہ مہم شروع رکر رکھی ہے اور مسلم کانفرنس کے ضلعی کنونشن کو کامیاب کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں پروگرام کیمطابق صدر مسلم کانفرنس 3اکتوبر کو ضلعی کنونشن میں شرکت اور عوامی وفود سے ملاقاتیں کرینگے اور رات کو بھمبر میں ہی قیام کرینگے آمدہ انتخابات کی آمد سے پہلے اور مجاہد اول کی رحلت کے صدر مسلم کانفرنس کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہونے کی توقع کی جارہی ہے پاکستان کی سیاسی منظر نامے میں آئے دن کی بدلی ہوئی صورت حال کے پیش نظر اور فوج کیساتھ مسلم کانفرنس کے دیرینہ تعلقات کے پس منظر میں مسلم کانفرنس کی سیاست کسی بھی وقت اپ سیٹ کرنے کی صورت حال پیدا کر سکتی ہے شاید اس لیے صدر مسلم کانفرنس انتخابات سے پہلے آزادکشمیر بھرمیں جماعتی کنونشن منعقد کرکے کارکنوں کومتحرک کر نا چاہتے ہیں اور اپنی سیاسی قوت کا بھی مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں جس کا آغاز وہ بھمبر سے کررہے ہیں سیاسی حلقے اس کنونشن کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)برادری ازم کے پجاری طارق فاروق کا مقابلہ نہیں کر سکتے اپوزیشن ہو یا حکومت حلقہ بھمبر 7کی تعمیر و ترقی طارق فاروق کی مرہون منت ہے آمدہ الیکشن میں انشاء اللہ آزادکشمیر بھر میں مسلم لیگ ن کلین سویپ کرے گی سابقہ الیکشن میں حلقہ ایل اے 7میں چوہدری طارق فاروق کی جیت نے یہ ثابت کر دیا تھا کہ حلقہ میں برادری ازم کی سیاست ختم ہو گئی ہے ان خیالات کااظہار مسلم لیگ ن یوتھ ونگ سٹی بھمبر کے چیئرمین کمانڈر راجہ مسعود اقبال نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوںنے کہاکہ حلقہ بھمبر کی غیور عوام نے ہمیشہ تعمیروترقی کے ہیرو چوہدری طارق فاروق کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر برادری ازم کے بت کو پاش پاش کر دیا اس بار بھی حلقہ کی تمام برادریوں نے عزم کر رکھا ہے کہ طارق فاروق کو ووٹ دیکر برادری ازم کے بت کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دینا ہے انہوںنے کہاکہ حلقہ بھمبرمیں طارق فاروق کی کامیابی سے تعمیر وترقی کا بند باب کھلے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (بیورو رپورٹ) ڈی ایچ کیو ہسپتال بھمبر میں ہارٹ سپیشلسٹ کی آسامی خالی ، حکومت 10 سال سے کسی ہارٹ سپیشلسٹ کوتعینات نہ کر سکی،4 لاکھ سے زائد آبادی کے حامل ضلع بھمبرمیںمسلسل دل کی بیماریوں کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے ،مقامی ہسپتال میں سہولت نہ ہونے سے کئی افراد قریب ترین ہسپتالوں آئی سی میرپور اور سی ایم ایچ کھاریاں پہنچنے سے قبل ہی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں،حکومت فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال بھمبرمیں امراض قلب کا شعبہ قائم کر کے ہارٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر کی تعیناتی یقینی بنائے ،عوامی حلقوں کا مطالبہ تفصیلات کے مطابقگزشتہ روز دنیا بھر میں دل کے امراض کا عالمی دن منا یا گیا مگر ستم ظریفی یہ ہے کہ آج بھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھمبر میںبار بارکی نشاندہی کے باوجود شعبہ امراض قلب قائم نہیں کیا گیا ،جس کی وجہ سے دل کی بیماریوں کی مقامی سطح پر تشخیص ممکن نہیں ہے ،4لاکھ سے زائد آبادی کے حامل ضلع بھمبر میں لوگوں کی اکثریت غریب اور کم وسائل رکھتی ہے،جن کے لیے میرپور ،گجرات کھاریاں ،لاہور اور راوالپنڈی جانا ممکن نہیں ہوتا یہی وجہ ہے کہ آئے روز نوجوان مردو خواتین اور بزرگ حضرات بروقت مرض کی تشخیص نہ ہونے کے باعث ہارٹ اٹیک سے جان گنوا بیٹھتے ہیں،اعداد و شمار کے مطابق 20 فی صد مرد مریض اور25 فی صد خواتین مریض دل کی بیماریوں میں مبتلا ہیں،اوسطاََ ہر پانچویں مریض کا تعلق دل کی بیماری سے ہوتا ہے ایسے میں ضلع بھمبر کے اکلوتے DHQہسپتال میں شعبہ امراض قلب اور ہارٹ سپیشلسٹ کا موجود نہ ہونا حکومت آزاد کشمیر اور ضلع بھمبر سے تعلق رکھنے والے حکومتی و عوامی نمائندگان کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے اور محکمہ صحت کے بلند بانگ دعوئوں کی قلعی کھول رہا ہے ۔عوامی سماجی حلقوں نے عالمی یوم قلب کے موقعہ پر حکومتی ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال بھمبر میں فوری طور پر امراض شعبہ قلب کے قیام اور ہارٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (بیورو رپورٹ)تحریک آزادی کا بیس کیمپ غیر ریاستی جماعتوں کا اکھاڑہ بن چکا ہے آزاد کشمیر کی سابقہ و موجودہ قیادتیں اقتدار حاصل کرنے کیلئے کشمیریوں کی بولی لگاتے ہیں مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد قیادت دہلی اور آزاد کشمیر کا اقتداری ٹولہ اسلام آباد کے گن گا رہا ہے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو مفاد پرست ٹولے سے نجانے دلانے کیلئے فریڈم موومنٹ جلد لائحہ عمل کا اعلان کرے گی فریڈم موومنٹ کی جدوجہد مکمل آزاد اسلامی ریاست کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی ان خیالات کا اظہار مرکزی جنرل سیکرٹری کشمیر فریڈم موومنٹ محمد یاشفیق کیانی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد اقتدار پرست ٹولہ نے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو آزادی کے نام پر بے وقوف بنا رکھا ہے مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد قیادت دہلی جبکہ آزاد کشمیر کی قیادت اسلام آباد کو خوش کرنے میں مصروف ہے ریاست جموں وکشمیر کے وسائل غیر ریاستی جماعتوں کی تشہیر سمیت ان کے لیڈروں کو نوازانے کیلئے استعمال ہو رہے ہیں آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کا بیس کیمپ قرار دیا گیا لیکن اقتدار کے نشے میں دھت تحریک آزادی سے نا بلد کشمیری قیادت نے اصل مقصد سے ہٹ کر کشمیریوں کو مزید غلامی میں دھکیل دیا ہے انہوں نے کہا برطانیہ میں مقیم کشمیریوں سے تحریک آزادی کے نام پر فنڈز اینٹھ کر اپنے ذاتی بینک بیلنس میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور بھارتی بربریت کے توڑ کیلئے کسی قسم کی سفارتی کوششیں نہیں کی جا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ فریڈم موومنٹ بہت جلد لائحہ عمل ترتیب دے کر اقتدار پرستوں کی عیاشیوں اور تحریک آزادی کو نقصان پہنچانے والی داستانوں کو بے نقاب کرے گی اور مکمل آزاد اسلامی ریاست کے قیام تک جدوجہد جاری رکھے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (بیورو رپورٹ)بھمبر اندرون شہر تجاوزات کی بھر مار ، شہریوں گاہکوں ، راہگیروں کو بازاروں سے گزرانے میں دقت کا سامنا ٹریفک جام معمول بن گیا بلدیہ بھمبر بازاروں میں غیر قانونی تھڑے ، ٹھیلے اور دیگر تجاوزات ختم کرائے شہریوں کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق بھمبر کے اندرون بازاروں میرپور چوک تا سماہنی چوک ، لاری اڈہ روڈ، مین بازار، مسلم بازار، تھانہ روڈ، گجرات روڈ پر دوکانداروں نے اپنی دوکانوں کے باہر ریڑھیاں لگانے کے ساتھ ساتھ تھڑے بھی بنا رکھے ہیں جس کے باعث بازاروں میں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے جبکہ بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والے گاہکوں سمیت عام راہگیروں ، شہریوں طلبا طالبات کو بھی بازاروں میں تجاوزات کے باعث گذرنے میں مشکلات کا سامنا ہے شہری اور عوامی حلقوں نے بلدیہ بھمبر کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر قائم ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے تا کہ بازاروں میں عام شہریوں اور گاہکوں کو گذرنے میں آسانی اور ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (بیورو رپورٹ) مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب کسی صورت پورا نہیں ہو سکتا پیپلز پارٹی نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سٹی بھمبر کے صدر چوہدری سعید خادم ایڈووکیٹ نے کیا انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد اور انسانیت کا قاتل ہے جس نے کشمیریوں کی آزادی کو سلب کر رکھا ہے اور ان کو حق خودارادیت دینے سے انکاری ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور بے گناہ انسانوں کو قتل کر کے تحریک آزادی کشمیر کو ختم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے اقوام متحدہ یورپی ممالک اور او آئی سی بھارتی جارحیت بربریت اور قتل و غارت کا نوٹس لے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی پیپلز پارٹی نے ہر دو ر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور اس کو حل کروانے کیلئے اپنا بھر پور رول ادا کیا ہے پیپلز پارٹی نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے اور دنیا کو باور کروایا ہے کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں مسائل کی اصل جڑ ہے جب تک مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا اس وقت تک جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کا خواب کسی صورت پورا نہیں ہو سکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ ن تحصیل بھمبر کے نائب صدر حاجی ظفر اقبال برسالی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کر کے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں ،جس پر ساری کشمیری قوم ان کی شکر گزار ہے،آمدہ الیکشن میںآزاد کشمیر بھر میں مسلم لیگ واضح اکثریت میں جیت کر حکومت بنائے گی اور حلقہ ایل اے سات کے عوام چوہدری طارق فاروق کو ووٹ دے کر ایک بار پھر اسمبلی میں بھیجیں گے تاکہ وہ گزشتہ پانچ سال میں حلقہ بھمبر سے ہونے والی حکومتی نا انصافیوں کا ازالہ کر سکیں چوہدری طارق فاروق حلقہ بھمبر کے عوام کی امیدوں کا مرکز اور ان کے حقوق کے محافظ ہیں، حقیقی عوامی معنوں میں وہ بہترین عوامی لیڈر اور بھمبر میں تعمیروترقی کا واضح نشان ہیں کارکن ان کے ہاتھ مضبوط کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، لیگی رہنماء نے کہا کہ موجود ہ حکومت نے صرف کرپشن اور لوٹ مار کو فروغ دیااور علاقائی ازم کی بنیاد پر ترقیاتی فنڈز کی بندر بانٹ کی ،پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھمبر کوترقیاتی میدان میں جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا جس کی ذمہ داری ان لوگوں پر بھی عائد ہوتی ہے جو آج بھی اہل بھمبر کے حقوق غصب کرنے والی پیپلز پارٹی حکومت کی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں،انہوں نے کہا حکومت نے حلقہ بھمبر کواپوزیشن کا حلقہ ہونے کی بنا پرنظر انداز کیااور ترقیاتی حوالے سے یہاں کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی جس کا جواب حلقہ بھمبر کے لوگ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو دیں گے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا یوم حساب قریب آ چکاہے آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہے،ن لیگ کے کارکنان آپس میں اتحاد رکھیں اور قائد مسلم لیگ ن راجہ فاروق حیدر اورچوہدری طارق فاروق کے ہاتھ مضبوط کریں،انشاء اللہ فتح ان کا مقدر بنے گی ۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ الیکشن میں حلقہ بھمبرچوہدری طارق فاروق کے چاہنے والوںاور مسلم لیگ ن کا گڑھ ثابت ہو گا، پروپیگنڈہ کرنے وا لے عناصر کو سوائے ناکامی کے کچھ نہیں ملے گا۔