بھمبر کی خبریں 14/1/2015

Bhimbar

Bhimbar

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی اپوزیشن لیڈر و سینئر نائب صدر مسلم لیگ نون چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ محکمہ تعلیم مخصوص مافیا کے ہاتھوں یر غمال بنا ہوا ہے محکمہ تعلیم میں میرٹ، سنیارٹی اور تعلیمی پالیسی کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں میرٹ اور سنیارٹی سے ہٹ کر ہونیوالی بھرتیاں ، تبادلے اور ترقیابیوں کی وجہ سے محکمہ تعلیم دن بدن زوال پذیر ہے بھمبر میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نسواں کی ترقیابی بھی میرٹ اور سنیارٹی کو پامال کر کے عمل میں لائی گئی جو خود میرٹ ، سنیارٹی سے ہٹ کر تعینات ہوئی وہ دوسروں کو کیا انصاف دیگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیرلہ کے وفد جس کی قیادت مسلم لیگ نون کے سنیئر راہنما راجہ محمد اقبال کر رہے تھے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم آزاد کشمیر پر مخصوص مافیا کا قبضہ ہے جن کے وزراء کے ساتھ قریبی مراسم ہیں جو پیسے لیکر من پسند لوگوں کی میرٹ سے ہٹ کر تقرریاں ، تبادلے اور ترقیابیاں کرواتے ہیں جس کی وجہ سے میرٹ پر آنے والوں کی حق تلفی ہوتی ہے محکمہ تعلیم کے اندر سیاسی اثرو رسوخ اور لین دین محکمہ کی بد نامی کا باعث رہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک تعلیمی پالیسی واضع کر رکھی ہے جس پر کسی قسم کا عملدرآمد نہیں ہو رہا جس کے باعث مخصوص مافیانے محکمہ تعلیم کا پورا نظام یر غمال بنا رکھا ہے جبکہ سیاسی اشیر آباد کے باعث محکمہ تعلیم کے آفیسران کی تعیناتیاں ہو رہی ہیں جو میرٹ اور سنیارٹی کو قابو کرنے کے بجائے سیاستدانوں کو قابو کرتے ہیں آفیسران نام نہاد کمیٹیاں بنا کر میرٹ سے ہٹ کر من پسند لوگوں کی تقرریاں کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم بھمبر میں محکمہ تعلیم کے اندر میرٹ اور سنیارٹی سے ہٹ کر ہونیوالی تقرری تبادلے اور ترقیابی کیلئے لائحہ عمل ترتیب دے رہے ہیں بھمبر کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا میری ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرونگا وفد میں اصلاحی کمیٹی سیرلہ کے صدر راجہ نعیم نجمی، ملک شوکت اعوان ، مرزا اشفاق احمد، راجہ محمد فیاض، راجہ جاوید اقبال، مرزا عباس سمیت دیگر شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسربھمبر راجہ طارق محمود کی تعیناتی بھمبر کی تعلیمی سر گرمیوں کیلئے بہتر فعال اور معاون ثابت ہو گی راجہ طارق محمود اچھی شہرت کے حامل ماہر تعلیم و منتظم ہیں ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار اسمبلی حلقہ سماہنی انصر زمان مغل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم میاں عبدالوحید نے اشرف جیسے متنازعہ شخص کا تبادلہ کر کے احسن اقدام کیا ہے اور ضلع بھمبر بالخصوص تحصیل سماہنی کے لوگ وزیر تعلیم اور حکومت کے اس اقدام کو پوری طرح سرہاتے ہیں اور ان کے شکر گزار ہیں اس تبادلہ سے ضلع بھمبر کی عوام کا سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد بحال ہو گا انہوں نے کہا کہ نئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راجہ طارق محمود روائیات سے ہٹ کر تعلیمی ماحول کی بہتری کیلئے انقلابات اقدامات اٹھائینگے اور بلا تخصیص سیاسی وابستگی سے تمام اساتذہ کو اداروں میں اپنی خدمات انجام دینے کیلئے پابند کرینگے تعلیمی بہتری اور کوالٹی ایجوکیشن کیلئے خصوصی اقدامات کرینگے اور دور دراز سکولوں میں چھاپے مار کر اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنائینگے اور عوام کا محکمہ پر اعتماد بحال کرینگے اور حکومتی تعلیمی پالیسی پر عملدرآمد کرائینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) کڑی شرائط کی بدولت محکمہ امور حیوانات کی بلاسود قرضہ سکیم لینا کسانوں کیلئے جوئے شیر لانے کے مترادف دو سالوں میں ضلع بھمبر میں ایک بھی کسان کو قرضہ نہ مل سکا جبکہ ضلع میرپور میں 50 کے قریب کسانوں نے قرضہ حاصل کرنے کیلئے اپلائی کیا جبکہ صرف 4 کسانوں کو فیکس بینک ڈیپازٹ کے عوض قرضہ دیا گیا کڑی شرائط رکھ کر کسانوں کے ساتھ مذاق کیا گیا محکمہ امور حیوانات بلا سود قرضہ دینے کا اعلان کر کے عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے تفصیلات کے مطابق محکمہ امور حیوانات نے کسانوں کو پولٹری ، ڈیری اور گوٹ فارمنگ کیلئے 3 لاکھ سے لیکر 7 لاکھ تک قرضہ دینے کی سکیم کا اعلان کر رکھا ہے بلا سود قرضہ حاصل کرنے کیلئے کسانوں کیلئے بڑی کڑی شرائط رکھی ہیں جن کو پورا کرنا غریب کسانوں کیلئے انتہائی مشکل ہے قرضہ کیلئے 60 سال کی عمر کی حد لیگل اوپنین سے لیکر ہر کام کیلئے کسانوں کو اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے 10 کنال اراضی اور وہ وہ بھی ایک جگہ مخصوص خسرہ نمبر والی زمین جبکہ آزاد کشمیر بینک مخصوص گارنٹی کے عوض قرضہ جاری کرے گا ان شرائط کو امیر کسان تو پوری کر سکتا ہے جبکہ عام اور غریب آدمی کے بس کی بات نہ ہے یوں کڑی شرائط کی وجہ سے محکمہ امور حیوانات کی بلا سود قرضہ سکیم حاصل کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے دو سالوں سے جاری بلا سود قرضہ سکیم سے آج تک ضلع بھمبر کا ایک بھی کسان مستفید نہ ہو سکا جبکہ میرپور سے تقریبا ً 50 کے لگ بھگ افراد نے قرضہ حاصل کرنے کیلئے اپلائی کیا تھاجن میں سے صرف 4 افراد کو بینک گارنٹی یعنی فیکس ڈیپازٹ کے عوض قرضہ دیا گیا ضلع بھمبر کے کسانوں نے محکمہ امور حیوانات کی طرف سے کڑی اور سخت شرائط رکھنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے پاس اتنے پیسے موجود ہوں تو قرضہ لینے کی کیا ضرور ت ہے سینکڑوں افراد نے قرضہ کیلئے اپلائی کیا لیکن ایک شخص کو بھی قرضہ نہیں ملا اگر قرضہ دینا نہیں تو محکمہ امور حیوانات ہوائی اعلانات بھی نہ کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) مقبول شہید تحریک آزادی کشمیرکے سرخیل ہیں انکی برسی پورے عقیدت و احترام سے منائی جائیگی دعائیہ تقریبات کے ساتھ جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائینگی ان خیالات کا اظہار کشمیر فریڈم موومنٹ کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی محمد یٰسین نے کیا انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ شہید کشمیری قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے کشمیریوں کیلئے آزادی کا راستہ متعین کیا کشمیری قوم نے مقبول بٹ شہید کی جلائی ہوئی شمع کو روشن رکھنے سے لاکھوں جانوں کی قربانی دی اور اس وقت تک اپنی جانوں کی قربانی دیتے رہے گے جب تک کشمیریوں کو مکمل آزادی حاصل نہیں ہوتی انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے عظیم حریت پسند قائد مقبول بٹ شہید کی برسی پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منائینگے برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب ، قرآن خوانی ، جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ملک میں ہونیوالی دہشتگردی اور بھمبر میں حافظ شجاع الرحمن پر ہونیوالے حملہ کیخلاف اہلسنت و الجماعت بھمبر میں بروز جمعہ امن ریلی نکالے گے ان خیالات کا اظہار اہلسنت و الجماعت سٹی بھمبر کے جنرل سیکرٹری مولانا ابرار نذر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اہل سنت و الجماعت امن پسند جماعت ہے ہم ملک میں ہونیوالے دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتے ہیں گذشتہ روز اہل سنت و الجماعت سٹی بھمبر کے صدر حافظ شجاع الرحمن پر ہونیوالا حملہ سفاکیت اور درندگی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ہمارا ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کا پتہ لگا کر سامنے لایا جائے اور ان کے خلاف بھر پور قانونی کارروائی کی جائے انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ کے دن اہل سنت والجماعت بھمبر کی مذہبی سیاسی جماعت سے ملکر بعد از نماز جمعہ میلاد چوک سے امن ریلی نکالے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول سیرلہ میں خلاف میرٹ تقرری سے محکمہ تعلیم کی دوغلی پالیسی سامنے آ گئی ہے سکول میں مقامی اور میرٹ پر آنے والی امیدوارہ کا آرڈر نہ کر کے نہ صرف استحقاق مجروع کیا گیا بلکہ ایک بیوہ خاتون سے اس کے 5 بچوں کی روزی بھی چھین لی گئی محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار نوٹس لیکر گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول سیرلہ میں خلاف میرٹ ہونیوالی تقرری کینسل کروائیں ان خیالات کا اظہار راجہ محمد اقبال آف سیرلہ نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نے ملی بھگت سے گریجویٹ اور زائد العمر خاتون کو کالرہ نائب قاصدہ کی خالی آسامی پر تعینات کر کے میرٹ کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور مستحق خاتون جس کا مذکورہ آسامی پر استحقاق تھا کو نظر انداز کر دیا جو بڑی زیادتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اس خلاف میرٹ تقرری کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور ارباب اختیار گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول سیرلہ میں میرٹ سے ہٹ کر ہونیوالی تقرری کا نوٹس لے بصورت دیگر اہلیان سیرلہ سخت احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی ذمہ داری محکمہ تعلیم ضلع بھمبر کے سربراہان ہونگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری کمال سبحانی، صدر میلاد کمیٹی بھمبر چوہدری محمد اکرم مقدم ، ضلعی صدر ٹرانسپورٹ یونین بھمبر چوہدری محمد عارف کاکا، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری PYO چوہدری خالد حسین ثاقب ایڈووکیٹ ، سٹی صدر PPP بھمبر چوہدری سعید خادم ایڈووکیٹ، چیف آرگنائزر PPP تحصیل چوہدری شکیل احمد مکہال نے کشمیر پریس کلب کے صدر ناصر شریف بٹ، سینئر نائب صدر طارق محمود ثاقب، نائب صدر چوہدری ارشد محمود غازی سمیت دیگر عہدیداران کو اتفاق رائے سے منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب عہدیداران صحافیوں کی فلاح و بہبود کیساتھ ساتھ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھر پور رول ادا کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پرنسپل انٹر کالج دھندڑ پروفیسر ریاض ملک ، راجہ غلام ربانی، فوڈ انسپکٹر چوہدری ابرار جمیل، راجہ امتیاز احمد ، راجہ رضی الرحمن نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغام میں وزیر خوراک جاوید بڈھانوی کے والد محترم کی اچانک وفات پر گہرے دکھ و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا مغفرت اور پسماندگان کیلئے دعا صبر و جمیل کی۔