بھمبر کی خبریں 19/12/2014

Bhimbar

Bhimbar

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسٹ یونیورسٹی بھمبر کے طلباء نے سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں خلیل شہید چوک میں شمعیں روشن کی طلباء ، سول سوسائٹی اور صحافیوں کی شرکت تفصیلات کے مطابق میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بھمبر کیمپس طلبا ء نے آرمی پبلک سکول و کالج پشاور میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونیوالے طلباء اور اساتذہ کی یاد میں خلیل شہید چوک بھمبر میں گذشتہ شام کو شمعیں روشن کیں جن میں مسٹ یونیورسٹی کے طلبائ، سول سوسائٹی اور صحافیوں نے شرکت کی اس موقع پر مسٹ یونیورسٹی کے انجینئر طاہر امین ، صدر کشمیر پریس کلب راجہ نعیم گل،ڈی ایس پی چوہدری محمد رفیق، چوہدری خالد حسین ایڈووکیٹ اور علی رضا سلطانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم طلباء پر بربریت کرنے ولے علم دشمن نہ صرف مسلمان بلکہ انسان کہلانے کے قابل نہ ہیں طلباء پر حملہ قوم کے مستقبل پر حملہ ہے معصوم طلباء اور اساتذہ پر حملہ انسانیت سوز اور دلخراش واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ معصوم طلباء کے خون سے ہاتھ رنگنے والے سفاک دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہ ہیں ان کے خلاف جنگ نہ صرف افواج پاکستان بلکہ ہمیں سب کو مل کر لڑنا ہو گی آخر میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) میلاد کمیٹی بھمبر کا اجلاس چوہدری محمد اکرم میلاد کمیٹی بھمبر کے صدر جبکہ فواد خورشید جنرل سیکرٹری منتخب تفصیلات کے مطابق میلاد کمیٹی بھمبر کا اجلاس مرکزی جامع مسجد بھمبر میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت پروفیسرمولانا امین الدین نے کی اجلاس میں تاجروں، سول سوسائٹی ، یوتھ کے نمائندئوں نے شرکت کی اجلاس میں اتفاق رائے سے چوہدری محمد اکرم عرف پپو جٹ کو میلاد کمیٹی بھمبر کا صدر جبکہ فواد خورشید کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا جبکہ دیگر عہدیداران کا انتخاب نو منتخب صدر اور جنرل سیکرٹری باہمی مشاورت سے کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پریس فائونڈیشن کے الیکشن میں امجد چوہدری کی کامیابی ورکنگ جر نلسٹس کی فتح ہے 11 سال سے پریس فائونڈیشن کو چند لوگوں نے یرغمال بنا رکھا ہے مخصوص گروپ کو نوازا جا رہا تھا جب کہ ورکنگ جرنلسٹس کا استحصال کیا جا رہا تھا ان خیالات کا اظہار یونین آف جرنلسٹ ضلع بھمبر کے صدر ڈاکٹر طاق شاکر ، نائب صدر ملک شوکت حسین سیکرٹری مالیات ارشد محمود غازی نے کیا انہوں نے کہا کہ امجد چوہدری کا پریس فائونڈیشن آزاد جموں و کشمیر کو وائس چیئرمین منتخب ہونا ورکنگ جرنلسٹس کی فتح ہے پریس فائونڈیشن کے ممبران نے آزاد کشمیر میں عامل صحافیوں کو بورڈ آف گورنر کا ممبر منتخب کیا تھا جنہوں نے 11 سال سے یرغمال پریس فائونڈیشن کو قبضہ گروپ سے آزاد کرواتے ہوئے اچھی قیادت کا انتخاب کیا ہے امجد چوہدری کا وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن منتخب ہونا عامل صحافیوں کیلئے خوش آئند ہے ان کے انتخاب سے عامل صحافیوں کے مسائل حل ہونگے پریس فائونڈیشن کی کارکردگی میں بہتری آئیگی موصوف اپنی خداداد صلاحیتیوںسے پریس فائونڈیشن کو فعال ادارہ بنائینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) تعمیر و ترقی برنالہ کے عوام کا بنیادی حق ہے محروم کرنے والوں کو آمدہ الیکشن میں عوام دن میں تارے دکھائینگے برنالہ میں صحت تعلیم سمیت سڑکوں کی خستہ حالی منہ بولتا ثبو ہے برنالہ کے غیور عوام آمدہ الیکشن میں امپورٹڈ اور مقامی استحصالی خاندانوں کو ناک آئوٹ کرینگے برنالہ سے آئندہ غریبوں ، مظلوموں اور غیور عوام کے ساتھ ملک عبدالمالک اعوان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائینگے ان خیالات کا اظہار برنالہ تنظیم الاعوان کے کارکنان ملک اجمل جلو، ملک احتشام ، ملک عامر اعوان ، ملک ساجد دتہ ، ملک فیصل، ملک نوید نوازش نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ حلقہ برنالہ کے غیور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے علاقہ میں تعمیر و ترقی کیلئے عوامی نمائندے منتخب کرتے رہے جنہوں نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد نہ صرف برنالہ کی تعمیر و ترقی سے آنکھیں پھیر لیں بلکہ اسلام آباد اور مظفرآباد میں اپنے ٹھکانے کر کے برنالہ کے عوام کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیا انہوں نے کہا کہ برنالہ تحصیل آزاد کشمیر کی سب سے پسماندہ تحصیل ہے جہاں امپورٹڈ اور مقامی سیاسی خاندانوں نے اجارہ داری قائم کر کے برنالہ کے عوام کو تعمیر و ترقی کے بنیادی حق سے محروم کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ اب کی بار برنالہ کے عوام کے تبدیلی کا تہیہ کرلیا ہے اور علاقہ کی معروف سماجی شخصیت اور شرافت کے پیکر ملک عبدالمالک اعوان کو برنالہ کے عوام کی نمائندگی کرنے کا اختیار دیا ہے انشاء اللہ آمدہ الیکشن میں برنالہ کے غیور عوام بلا تفریق، بلا امتیاز غریبوں اور مظلوموں کے ساتھ اور برنالہ کے عوام کے اصل اور حقیقی ہمدرد ملک عبدالمالک اعوان کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلا کر علاقہ کی تقدیر بدلنے میں بھر پور کردار ادا کرینگے انہوں نے کہا کہ برنالہ کو تعمیر وترقی کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے والوں کی آئندہ الیکشن میں ضمانتیں ضبط ہو جائینگی اور بہت جلد علاقہ میں مساوات، بھائی چارے اور امن ، خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر رانا رضوان اختر نے کہا ہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک سردار فہیم خان اور ایس ایس پی چوہدری منیر حسین کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک نظم کو بہتر اور جدید بنانے کیلئے پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے موٹر سائیکل سوالوں کیلئے ہملٹ کے لازمی استعمال ، دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے، طے شدہ کرایوں سے زیادہ وصول کرنے والوں، کم عمر ڈرائیوروں کی سرزنش سمیت کالے شیشے استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب بھمبر کے صحافیوں کو اپنی کارکردگی کے حوالہ سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سال 2014 کے گذشتہ 11 ماہ کے دوران ضلع بھمبر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 28166 کو مبلغ 12197500 روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ 6000 سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا گیا انہوں نے کہا کہ جرمانے بدوں کاغذات ، لائسنس ، نمبر پلیت، ہیلمٹ ، فٹنس سرٹیفکیٹ کی عدم دستیابی سمیت اوور لوڈنگ ، زائد کرایہ وصولی سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر کئے گئے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میڈیا کی طرف سے مسائل کی نشاندہی پر ان کے مشکور ہیں ہم انشاء اللہ خرابیوں اور خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرینگے میڈیا کے توسط سے عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں ہم انہیں محفوظ سڑکیں اور حادثات سے محفوظ ٹریفک نظام مہیا کریں عوام ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑیاں دینے سے گریز کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سانحہ پشاور پر پوری کشمیری قوم غمزدہ ہے اور پاکستان کے غیور کے دکھ میں برابر کی شریک ہے تعلیمی ادارے پر دہشت گرد حملہ ظلم بربریت اور سفاکیت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملانے کیلئے کشمیری اور پاکستانی قوم اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر کشمیر فریڈم موومنٹ انجینئر خالد پرویز بت نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ پشاور میں ایک تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم معصوم زندگیوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے اور شہید بچوں کے والدین اور لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں دکھ کی اس گھڑی میں ہم اہل پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں پاکستانی اور کشمیری قوم اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کر کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں اور ذمہ دار ادارے اصل حقائق سامنے لا کر قوم کو حقیقت بتائیں اور ایسے حالات اور واقعات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔