بھٹ شاہ : ٹھل کے رہائشیوں احمد خان ٫اللہ بخش ٫پیر بخش اور فقیر بخش سمیت دیگر نے عورتوں اور بچوں کے ہمراہ ٹھل کے با اثر زمیندار عبدالکریم کٹوہر اور گہرام نوناری تپیدار کے مظالم اور زیادتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے اس موقع پر زمیندار کی زیادتیوں کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ بااثر زمیندار نے دیہ لاڈو میں ہماری سو جریب زرعی زمین پر مسلح افراد کو بٹھا کر قبضہ کرلیا ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ متعدد سرداروں ٫سیاسی رہنماوئں اور اعلی حکام کے پاس فریاد لے کر جا چکے ہیں مگر کہیں کوئی شنوائی نہیں ہو پا رہی۔
اسی وجہ سے وہ شاہ لطیف کی درگاہ پر اپنی فریاد لے کر آئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگ غریب ہیں اس لئے کوئی ہماری فریاد سننے کو تیار نہییں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم اعلی حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہم غریبوں کی مدد کی جائے ارور ہماری زمین سے ناجائز قبضہ جلد از جلد ختم کرایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بااثر زمیندار ہمیں خاموش نہ رہنے کی صورت میں قتل کرانے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور ہمیں اس سے جانی نقصان کا شدید خطرہ ہے انھوں نے وزیر اعلی سندھ ٫صوبائی وزیر ہزار خان بجارانی ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو ان کا حق دلایا جائے۔
بصورت دیگر وہ اپنے اہل خانہ سمیت خو دسوزی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری بااثر قابض زمیندار اور ان اعلی حکام پر ہوگی۔