نئی دہلی (جیوڈیسک) بین الاقوامی محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان “پھیلن” کیٹگری 5 میں ہے اور آج شام تک طوفان کے بھارتی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے سے خوفناک تباہی کا خدشہ ہے۔ سمندری طوفان پھیلن بھارت کے جنوب مشرقی ساحل سے شمال مغربی ساحلوں کی جانب بڑھ رہا ہے، ریاست آندھرا پردیش اور اڑیسہ کے ساحلی علاقے طوفان کی زدمیں آئیں گے۔ ریاست اڑیسہ کے 14 ضلعوں میں وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور ساحلی پٹی کے ڈھائی لاکھ سے زیادہ افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔
طوفان سے ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان پھیلن شمال مغربی ساحلی پٹی سے 700 کلومیٹر دور رہ گیا ہے۔ طوفان کے نزدیک آتے ہی تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا اور ساحل پر 3 میٹر بلند لہریں ٹکرانے کا خدشہ ہے۔ امریکی بحریہ نے دعوی کیا ہے کہ سمندری طوفان پھیلن بھارتی ساحل سے 315 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرا سکتا ہے۔