کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا میں آنے والی ان رپورٹس کا سختی سے نوٹس لیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے لئے حکومت سندھ نے 25 ملین روپے جاری کیے ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ اس حوالے سے فوری انکوائری کرائی جائے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پارٹی اپنے فنڈ اور وسائل سے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی پر ہونے والے تمام اخراجات کر رہی ہے اور کسی بھی حکومتی فنڈ سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا گیا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ اس معاملے کی انکوائری کی جائے کہ یہ فنڈ کس نے اور کیسے جاری ہوئے اور اس کے پیچھے کیا مقصد ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت سندھ کی جانب سے برسی کیلئے ڈھائی کروڑ روپے جاری کئے گئے تھے تاہم بلاول بھٹو کے بیان میں صرف 25 لاکھ جاری کرنے کا نوٹس لینے اورتحقیقات کرنے کی بات کی گئی ہے۔