لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مخالف سیاسی جماعتوں ن لیگ اور پی ٹی آئی پر دہشتگردوں سے انتخابی اتحاد کا الزام عائد کر دیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی امیدواروں پر کوئی دباؤ برداشت نہیں کروں گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کمزور جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک کیلئے واحد چوائس ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی نے دہشت گردوں سے انتخابی اتحاد قائم کر لیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے گزشتہ رات لاہور میں اپنے انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ میرا مقابلہ ان دائیں بازو کی جماعتوں سے ہے جنہوں نے پنجاب کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ عوام ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان بنانے میں میرا ساتھ دیں کیونکہ میں اپنے نانا کا انقلابی اور والدہ کی طرح عوامی منشور لایا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں گالم گلوچ کی سیاست کرتا ہوں نہ کروں گا۔ گالم گلوچ اور شو بازی کی سیاست وہ کرتے ہیں جن کے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ لاہور پہنچا تو جیالوں کی کثیر تعداد نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ان کی آمد پر بھرپور نعرہ بازی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔
جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام دوست منشور لے کر آئی۔ ہم اقتدار میں آ کر کسانوں کو بے نظیر کسان کارڈ جاری کریں گے۔ کسان کارڈ کے ذریعے فصلوں کی انشورنس اور سستی کھادیں ملیں گی۔ اقتدار میں آ کر خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے۔ فوڈ کارڈ کے ذریعے اشیا سستی قیمتوں پر دستیاب ہوں گی۔