جوبائیڈن کی انتظامیہ میں ایران پر پابندیوں کے منصوبہ ساز شامل ہیں: مندوب خامنہ ای

Saeed Jalili

Saeed Jalili

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کے نو منتخب صدر جوبائیڈن کے ایران کےحوالے سے لچک دار موقف کے باوجود ایران عہدیدار ان سے کافی مایوس اور بدظن دکھائی دیتے ہیں۔ ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل میں خامنہ ای کے مندوب سعید جلیلی نے کہا ہے کہ نئے امریکی صدر کی انتظامیہ میں وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کی حکومت میں ایران پر پابندیوں کی منصوبہ سازی کی تھی۔ انہوں‌نے توقع کہ جوبائیڈن انتظامیہ ایران پر ٹرمپ کی سخت دبائو کی پالیسی کو ‘اسمارٹ پریشر’ میں تبدیل کرے گی۔

خیال رہے کہ سعید جلیلی سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے دور میں ایران کی قومی سلامتی کے سیکرٹری کے عہدے پر فائز رہنے کے ساتھ ساتھ گروپ 5 + 1 کے ساتھ کئی سال تک مذاکرات کرنے والی ایرانی مذکراتی ٹیم میں شامل رہ چکے ہیں۔

سعید جلیلی کے بیان سے ایک روز قبل خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا تھا کہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کی پہلی شرط ٹرمپ کے ایران پر پابندیوں سے متعلق ‘ٹریگر میکانزم’ کا خاتمہ ہو گا۔

علی اکبر ولایتی کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ایران پرپابندیاں اٹھانا سب سے اہم ہے۔ چاہے امریکا جوہری معاہدے میں واپس آئے یا نہ آئے مگر ایران پرعاید کردہ پابندیوں کا اٹھایا جانا ضروری ہے۔ اگرچہ امریکا کی ایران کےجوہری معاہدے میں واپسی ہمارے مفادات کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔