ممبئی (جیوڈیسک) بھارت کے مشہور اور متنازع ٹی وی شو ’’بگ باس ‘‘ کے سیزن 8 کے لیے بالآخر اداکار سلمان خان ہی کو میزبان چن لیا گیا ہے اور اطلاعات ہیں کہ وہ اب بگ باس کی میزبانی کا معاوضہ ایک ہفتے کا 5 سے 6 کروڑ تک لیں گے۔
بگ باس کے اس نئے سیزن کی میزبانی کے لیے سلمان خان کے انکار پر پہلے بہت سے سرکردہ نام گزشتہ دنوں گردش کرتے رہے، یہ بھی سننے میں آیا تھا کہ اس میزبانی کے لیے شاہ رخ خان‘ رنبیر کپور، رنویر سنگھ اور ہریتک روشن بھی دوڑ میں شامل تھے۔
مگر اب یہ طے ہوا ہے کہ سلمان خان ہی نئے سیزن کی میزبانی کریں گے اور جو نیا ہے وہ یہ کہ اس مرتبہ سلمان خان کو ایک ہفتے کا معاوضہ 5 سے 6 کروڑ دیا جائے گا۔
ایک ذرائع کے مطابق ’’اگلے سیزن کے لیے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اب بگ باس کے آٹھویں سیزن کے لیے سلمان خان ہی واپس آ رہے ہیں‘ گزشتہ برس سلمان نے ایک ہفتے کا معاوضہ 2 سے 3 کروڑ لیا تھا اب اس کی فیس ڈبل ہوگئی ہے اور وہ اس مرتبہ فی ہفتہ 5 سے 6 کروڑ لیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ سیزن پچھلے سیزن کی نسبت بہت بڑا ہوگا‘ اور ایک اور ذرائع نے بتایا کہ اس مرتبہ شو کو مختلف اوقات میں آن ایئر کیا جائے گا۔
اداکار کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ سلمان اپنی مصروفیات کے باوجود اس شو میں واپس آنے کے لیے راضی ہوگئے ہیں ’’ان کی تاریخیں آنے والے دنوں میں کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہوگا‘ ہر کوئی انھیں شو میں واپس آنے کی خواہش رکھتا ہے‘‘۔ اس موقع پر سلمان خان اور چینل کی ترجمان سے اس شو سے متعلق فوری طور پر بات نہ ہوسکی۔