لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے گیس اور بجلی محکموں کے کرپٹ اہلکاروں کی فہرستیں طلب کر لیں، انہوں نے انسدادِ بجلی و گیس چوری ٹاسک فورس کو ہدایت کی کہ بڑی مچھلیوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور فیکٹری ملازمین کی بجائے صرف مالکان کو گرفتار کیا جائے۔
لاہور میں ٹاسک فورس برائے انسداد ِبجلی و گیس چوری کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ بجلی اور گیس چوری میں ملوث گیس اور واپڈا اہلکاروں کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کی جائے، ان کا کہناتھاکہ مہم کے دوران کسی سیاسی وابستگی یا دباو کو ہرگز خاطر میں نہ لایا جائے۔
اس سے پہلے وزیر اعلی پنجاب سے چیئرمین حب پاور کمپنی، اینگرو گروپ حسین داود اور چیئرمین گل احمد گروپ بشیر علی محمد نے ملاقات کی، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت انرجی فنڈ کے قیام کا جائزہ لے رہی ہے اور جنگی بنیادوں اورسپر سانک رفتار سے توانائی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔