میلبورن (جیوڈیسک) آئی سی سی میں پاکستان کو بگ فورکا درجہ دینے کے بارے میں پی سی بی کے دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ کی پریس کانفرنس میں پاکستان کا ذکر تک نہیں ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 6 سیریز کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ آئی سی سی کے بگ تھری گروپ میں پاکستان کو شامل کر کے اسے بگ فور بنا دیا گیا ہے جبکہ بھارت کے ساتھ 2015ء سے 2023ء کے درمیان چھ کرکٹ سیریز کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
سیریز سے ملنے والے ریونیو کا چوتھا حصہ پاکستان کو ملے گا لیکن آئی سی سی کی پریس کانفرنس میں پاکستان کو بگ فور کا درجہ دینے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا بلکہ پوری پریس کانفرنس میں پاکستان کا نام تک شامل نہیں تھا۔
دوسری طرف بھارتی کرکٹ بورڈ سے جب سیریز کے معاہدے کے بارے میں گارنٹی دینے کے حوالے سے رابطہ کیا گیا تو بھارتی بورڈ نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ اس طرح پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔