’’بگ تھری‘‘ بگ باس بننے کے خواہاں، نوٹوں سے چھوٹوں کا منہ بند کر نے کی کوشش

ICC

ICC

دبئی (جیوڈیسک) بگ باس بننے کے خواہاں’’ بگ تھری‘‘ نوٹوں سے چھوٹوں کا منہ بند کر نے کی کوشش کر نے لگے، عالمی کرکٹ پر کنٹرول کے لیے ہر مزاحمت کچلنے کا پلان بنا لیا، بھارتی بورڈ نے ایسوسی ایٹ اور ایفیلیٹ ممبران کو معمول سے زیادہ حصہ دینے کا لالچ دے دیا۔

چھوٹے بورڈز کی جانب سے مشترکہ موقف اختیار کر نے کے بجائے اپنے مفادات کے تحفظ کا امکان زیادہ ہے، بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اپنے بورڈ کو ہر قیمت پر ٹیسٹ اسٹیٹس بچانے کی ہدایت کر دی، شائقین بھی ڈھاکا کی سڑکوں پر نکل آئے، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ’داداگیری‘ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

دریں اثنا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اہم ترین دو روزہ اجلاس منگل سے دبئی میں شروع ہو گا، اس میں متنازع پوزیشن پیپر پر زوردار بحث متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں کرکٹ حکام کا یہ ہفتہ کافی مصروف ترین گزر رہا ہے۔

جہاں پر طاقت کے نئے مراکز قائم کیے جانے کی کوششیں جاری ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں ہفتے کے روز سے میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے جس میں پہلے چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں ڈی آر ایس اور اینٹی کرپشن سے متعلق ورکنگ گروپس کے اجلاس ہوئے۔