’’بگ تھری‘‘ چھوٹوں کے 30 کروڑ ڈالر ہڑپ لیں گے

ICC

ICC

کراچی (جیوڈیسک) آئی سی سی میں تبدیلی کی سفارشات منظور ہونے پر ’’بگ تھری‘‘ چھوٹے ممالک کے 30 کروڑ ڈالر ہڑپ لیں گے، اس کا انکشاف سابق آئی سی سی صدر احسان مانی نے کیا۔

ان کے مطابق ایسوسی ایٹ ممالک کے ترقیاتی فنڈز میں 30 کروڑ ڈالر کم کر کے بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو دینے سے زیادہ ناانصافی اور کوئی نہیں ہوسکتی، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ان تینوں ممالک کو دولت کی کیا کمی ہے، البتہ ایسوسی ایٹ ٹیموں کو اپنی کرکٹ کی ترقی کیلیے پیسے کی ضرورت ہوتی ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ میں بگ تھری سے باہر کے کرکٹ بورڈز سے رابطہ کر کے انھیں سمجھانے کی کوشش کروں گا کہ ایسا طریقہ کار اپنانا چاہیے جس میں سب کا مفاد موجود ہو۔ انھوں نے کہا کہ میں اس بات پر سخت حیران ہوں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنا آئندہ اجلاس آئی پی ایل کرپشن کی تحقیقاتی رپورٹ آنے سے ایک دن پہلے ہی کیوں طلب کیا، اگر وہ اپنا صدر یا چیئرمین بھارت سے بنانا چاہتی ہے تو مذکورہ رپورٹ کا انتظار کر نا چاہیے جس میں چنئی سپر کنگز پر بھی شکوک وشبہات ظاہر کیے جا چکے ہیں۔