ڈھاکا (جیوڈیسک) بگ تھری کے معاملے پرپاکستان بدستور کسی ’’ڈیل‘‘ کا منتظر ہے، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مطابق ہمارا موقف تو اصولی ہے مگر ہم تنہا کھڑے نہیں رہ سکتے، فائدہ ہونے پر ہی دستخط کا سوچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بگ تھری کے معاملے پر پاکستان کے سوا دیگر تمام ممالک ایک ہو چکے ، اب پی سی بھی ’’ڈیل‘‘ کا خواہشمند نظر آتا ہے، ڈھاکا میں موجود چیئرمین نجم سیٹھی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہاں اس حوالے سے کسی کے ساتھ کوئی میٹنگ نہیں ہوئی۔
اپریل میں آئی سی سی میٹنگز کے دوران بگ تھری کے معاملے پر بات کریںگے، فی الحال اس معاملے پر ہم تنہا ہیں مگر ہمیں اسے بوجھ نہیں بنانا بلکہ فائدہ اٹھانا ہے، اس کیلیے حکمت تیار کی جا رہی ہے، سب سے مشاورت بھی کریں گے، پوری کوشش ہو گی کہ ہمیں اپنے حصے کی تمام باہمی سیریز ملیں، انھوں نے کہا کہ بگ تھری پر ہمارا موقف تو اصولی ہے مگر ہم تنہا کھڑے نہیں رہ سکتے، ابھی ہمارے پاس وقت ہے اچھی طرح سوچ بچار کے بعد کوئی قدم اٹھائیں گے۔