لاہور (جیوڈیسک) قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکاء اشرف نے کہا کہ ایک دن پہلے بنگلہ دیش نے بگ تھری معاملے پر ساتھ دینے کا وعدہ کیا لیکن اگلے ہی روز اپنی بات سے مُکر گئے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیاء کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا پاکستان بائیکاٹ نہیں کر سکتا۔
ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے وعدہ کیا ہے کہ بگ تھری سے پاکستان کو مالی نقصان نہیں ہو گا لیکن پی سی بی اب بھی اپنے موقف پر ڈٹا ہے۔ اگر سبھی بورڈز اتفاق کریں تو اسی صورت میں ہی اسے منظور ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی بورڈ کے سربراہ نے انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے بار بار بدلنے کا طعنہ دیا تھا اور اب حکومت کی جانب سے ان کی بحالی کے خلاف اپیل واپس لینے کے فیصلے کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں۔
ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ وہ بگ تھری اور دیگر معاملات پر رہنمائی لینے کے لیئے وزیراعظم سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔