لاہور (جیوڈیسک) چیئر مین پی سی بی آئی سی سی کے اہم اجلاس میں شرکت کیلیے دبئی روانہ ہو گئے۔
ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ بگ تھری کے معاملے میں وہ موقف اپنائیں گے جس سے پاکستان اور کرکٹ کو فائدہ ہو گا۔
آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلیے روانگی سے قبل لاہور ایرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں ذکا اشرف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سے ان کی بگ تھری کے معاملے پر مسلسل بات چیت ہوتی رہی ہے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے رابطہ کیا ہے، بگ تھری کسی بھی موقف میں پاکستان کا مفاد پہلی ترجیح ہوگی۔
ذکا اشرف نے کہا محمد عامر کے معاملے میں مثبت پیش رفت ہوسکتی ہے تاہم اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔ اپنی بحالی کے خلاف حکومتی اپیل پر ان کا کہنا تھا کہ وہ سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ذکا اشرف نے کہا کہ کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی فیصلہ کمیٹی کرے گی۔