بلال لاشاری کی فلم ’’وار‘‘ آسٹریلیا میں بھی کامیاب

Waar

Waar

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹر ی کو نئی زندگی دینے والی فلم ’’وار‘‘ نے امریکہ، دبئی اور دیگر ممالک کے بعد آسٹریلیا میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔

مذکورہ فلم گزشتہ ہفتے آسٹریلیا کے مختلف شہروں کے نو سینما گھروں میں عام نمائش کیلئے پیش کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران فلم نے پاکستانی 57 لاکھ روپے کا بزنس کر کے پاکستانی فلموں کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس سے قبل پاکستانی فلمیں عام نمائش کیلئے شاذو نادر ہی آسٹریلیا میں پیش کی جاتی تھیں۔

سات روز گزر جانے کے باوجود فلم کی نمائش ہنوز 9 سینما گھروں میں جاری ہے، آسٹریلیا کے شہروں میں رہنے والے پاکستانیوں نے اس فلم کی پذیرائی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں اس طرح کی معیاری اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ فلمیں بنائی جاتی رہیں تو ہم بھارتی فلمیں دیکھنا چھوڑ دیں گے۔

فلم کے قابل ذکر فنکاروں میں شا ن شاہد، عائشہ خان، شمعون عباسی، حمزہ علی عباسی، میشاء شفیع، علی عظمت، کامران لاشاری اور وقاص رانا شامل ہیں۔ فلم کی ہدایات بلال لاشاری نے دی ہیں۔ واضح رہے کہ اس فلم نے پاکستان میں 20 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ فلم اب تک متعدد اداروں کیجانب سے کئی ایوارڈ ز بھی جیت چکی ہے۔