کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے بلال شیخ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کر لی گئی جس کے مطابق بلال شیخ کی موت شاک ویو سے پیٹ کا نچلا حصہ پھٹنے سے ہوئی۔ دھماکے کی تحقیقات کیلئے پولیس اور حساس اداروں کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بلال شیخ کے جسم کا اوپری حصہ بالکل محفوظ رہا۔ پیٹ کے نچلے حصے پر نوکیلی چیز کے دو زخم آئے۔ بلال شیخ کی بائیں ٹانگ پر بھی چوٹ لگی۔ صدر مملکت کے چیف سیکورٹی آفیسر کو جس وقت اسپتال لایا گیا ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔
کراچی کے علاقے گرومندر میں خود کش دھماکے کی تحقیقات سے متعلق اجلاس آج ہو گا جس میں سی آئی ڈی، ایف آئی اے، اسپیشل برانچ اور دو حساس اداروں کے نمائندے شامل ہونگے۔ بلال شیخ کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کے بیانات بھی دوبارہ قلمبند کئے جائیں گے۔ سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل فون کی تفصیلات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ دھماکے کی جگہ سے ملنے والے شواہد بھی نیشنل فرانزک لیبارٹری اسلام آباد بھجوا دیئے گئے ہیں۔