کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں خودکش دھماکے میں جاں بحق بلاول ہاس کے چیف سیکیورٹی افسر بلال شیخ کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔ واقعہ کا مقدمہ جمشید کواٹر تھانے میں درج کرلیا گیا۔ ڈی جی رینجرز میجرجنرل رضوان اختر نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
کراچی کے علاقے گرومندر کے قریب گزشتہ روز خودکش دھماکے میں بلاول ہاس کے چیف سیکیورٹی افسر بلال شیخ سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ بلال شیخ پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ پھل لینے کیلئے گاڑی سے اترے۔ ان کی نماز جنازہ ظہر کے بعد گلبہار میں ادا کی جائے گی۔ جس کے بعد لیاقت آباد قبرستان میں تدفین کی جائے گی۔ واقعہ کا مقدمہ سیکیورٹی انچارج کی مدعیت میں جمشید کوارٹر تھانے میں درج کرلیا گیا۔ جس میں ایکسپلوزیو ایکٹ اور اینٹی ٹیرارسٹ ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں۔
خودکش دھماکے پر پیپلزپارٹی کے تحت یوم سوگ منایا جارہا ہے۔ وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کہتے ہیں کہ یوم سوگ کے موقع پر کاروباری مراکز کھلے رہیں گے اورٹرانسپورٹ بھی چلتی رہے گی۔ ڈی آئی جی ایسٹ کی سربراہی میں چھ رکنی ٹیم خودکش حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ خودکش حملے میں چھ سے سات کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔