لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر حملے کے کیس کا ملزم ساجد سکوں والا سی آئی اے کوتوالی تھانے میں پیش ہو گیا۔
پولیس کے مطابق سی آئی اے کوتوالی میں پیش ہونے والے ساجد سکوں والا نے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اس نے 29 دسمبر کو لائسنس پر 2 پستول لے کر دیے تھے، پولیس ریکارڈ چیک کر سکتی ہے۔
پولیس نے موہنی روڈ اور اطراف سے 50 سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی حاصل کرلی ہیں اور کیمروں کے ڈی وی آرز فارنزک آڈٹ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں جب کہ حملہ آوروں کے فرار کا ڈیجیٹل میپ بھی تیار ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کو اسلحہ فراہم کرنے والے افضل پٹھان کا بیان بھی قلم بند کر لیا ہے۔
پولیس نے جیو فینسنگ کے بعد 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن سے تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لیگی ایم پی اے بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔