لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر حملہ کیس میں گرفتار 3 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔
لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایم پی اے بلال یاسین پر حملہ کیس میں گرفتار ملزمان ساجد، عمر اور فخرعالم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
مقامی عدالت نے ایم پی اے بلال یاسین حملہ کیس میں اسلحہ فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار 3 ملزمان کی ضمانت منظور کی۔
دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے مؤ قف اپنایا کہ تینوں کو بے بنیاد الزام میں ملوث کیا گیا، اسلحہ فراہمی سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا کہ اسلحہ قانون کے مطابق فروخت کیا گیا جس کے لیے پولیس تفتیش مکمل کر چکی ہے لہٰذا تینوں کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔
عدالت نے تینوں ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50، 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ بلال یاسین پر کچھ روز قبل موہنی روڈ پر 2 موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا تھا حملے کے نتیجے میں انہیں 2 گولیاں لگی تھیں، 1 گولی پیٹ کو چھو کر گزر گئی تھی۔