لاہور (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی پنجاب ایگزیکٹو کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کی پنجاب آمد پر اشتہاری مہم کیلیے سابق ممبران قومی وصوبائی اسمبلی سے 50،50 ہزار اور سابق وزرا سے ایک ایک لاکھ روپے فنڈز اکٹھے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، زیادہ تر ممبران کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی آمد پر پنجاب فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا جائے۔
منظور مانیکا نے کہا بلاول بھٹو کی آمد پر پیپلز پارٹی پنجاب اور لاہور کی تنظیموں کو ایک ہونا چاہیے، اورنگزیب برکی نے کہا بلاول کے استقبال کے لیے کم از کم ایک کروڑ روپے ہونے چاہیے، جو خواتین مخصوص نشستوں پر آئی ہیں ان سے ڈبل پیسے لیے جائیں، اس موقع پر تجویز کیا گیا کہ سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز سے 50،50 ہزار جبکہ سابق وزرا سے ایک ایک لاکھ روپے لیے جائیں، افنان بٹ نے کہا چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی سمیت جو لوگ عہدوں پر رہے ہیں ان سے بھی پیسے لیں جس پر رانا فاروق سعید نے کہا کام سنوارنے کی طرف توجہ کم ہے خراب کرنے کیطرف زیادہ ہے، راجا ریاض نے کہا بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر پنجاب فیسٹول کا انعقاد ضرور کیا جائے۔