کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا امریکا کا دورہ نجی ہے مگر چیخیں وفاق کی نکل رہی ہیں۔
سندھ اسمبلی آڈیٹوریم ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہناتھا کہ ایم کیو ایم نے تاریخی احتجاج کیا، اتنا چھوٹا احتجاج ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، کاش یہ احتجاج ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے خلاف کیا ہوتا جس نے متنازع مردم شماری کو منظور کرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے احتجاج اس غلط فیصلے کے خلاف کیا ہوتا، یہ احتجاج کمیٹی کے سربراہ علی زیدی کے خلاف کیا ہوتا، یہ لوگوں کو مس گائیڈ اور منتشر کرنا چاہتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت کہتی ہے کہ بلاول بھٹو غیر اہم ہیں مگر ان کو پھر بھی ان کے دورہ امریکا پر چیخیں نکل رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری کہہ رہے ہیں کہ 33 ارب روپے کی ریکوری ہوئی، 5 ہزار ارب روپے بہت بڑی رقم ہے یہ بس ایسے ہی بات کرلیتے ہیں، وفاقی وزیر بیان بازی کررہے ہیں، وہ آصف زرداری کے خلاف کرپشن اور پلی بارگین ثابت کریں۔
دوسری جانب سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شازیہ مری کا کہناہےکہ وفاقی وزیر آزاد کشمیر میں لوگوں کورشوت دے رہا ہے، الیکشن کمیشن ایکشن کیوں نہیں لیتا؟
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان بتائیں وہ کونسی کرپشن کررہے ہیں جو اتنی مہنگائی بڑھ چکی ہے۔