لاہور (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے میاں نوازشریف سے ملاقات کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اظہار تشکر کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ بلاول کی مدبرانہ سوچ قابل قدر ہے۔ مریم نواز نے بلاول بھٹو کے اچھے خیالات اور نیک جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں بلاول بھٹو کی بہت شکر گزار ہوں، بلاول بھٹو کی فکر مندانہ اور مدبرانہ سوچ قابل قدر ہیں، بلاول کی نیک خواہشات کیلئے دعاگو ہوں کہ اللہ انہیں کو سلامت رکھے’۔
خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں بلاول نے نواز شریف کی کی خیریت دریافت کی اور انہیں سندھ کے کسی بھی اسپتال میں علاج کرانے کی پیشکش بھی کی۔
اس ملاقات پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی ردعمل جاری کیا اور کہا کہ ‘بھٹو کے نواسے کی ضیاء کے منہ بولے بیٹے سے ری یونین ہو گئی’۔