کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج دبئی سے کراچی پہنچیں گے جس کے بعد وہ اپنی جماعت کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آج نئے وزیراعلی سندھ کے نام کا اعلان متوقع ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج دبئی سے کراچی پہنچیں گے جس کے بعد وہ اپنی جماعت کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد بلاول بھٹو نئے وزیراعلی سندھ کے نام کا اعلان کریں گے جب کہ وزیراعلی سید قائم علی شاہ بھی آج ہی اپنا استعفیٰ گورنر سندھ کو ارسال کردیں گے۔
متوقع وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے رابطے تیز کر دیئے۔ نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب ووٹنگ کے ذریعے ہو گا۔ تاہم کامیابی کیلئے پچاسی ارکان کی حمایت ضروری ہے جبکہ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اکیانوے نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے۔
ممکنہ وزیرا علیٰ سندھ نے صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔ فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگاڑا سے ملاقات ہو چکی ہے جبکہ ایم کیو ایم سے رابطے کے لیے مراد علی شاہ کی جلد نائن زیرو آمد بھی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو طلب کئے جانے کا امکان ہے جس میں متوقع وزیراعلی مراد علی شاہ نئے قائد ایوان کے لئے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ 166 کے ایوان میں پیپلزپارٹی کو 86 ارکان کی حمایت درکار ہے اور اگر خفیہ رائے شماری ہوئی تو پیپلزپارٹی کو اپوزیشن کا ساتھ بھی درکار ہو گا۔