اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اس لئے ہنگامہ آرائی کی سیاست کسی کے لئے بھی مناسب نہیں ہے۔
سید خورشید شاہ نے کہا کہ لندن میں ملین مارچ کے دوران بلاول بھٹو زرداری پر ایک سیاسی جماعت کے شرپسندوں نے حملہ کیا حالانکہ انہیں سمجھنا چاہئے کہ ہنگامہ آرائی کی سیاست نہ ان کے لیے اچھی ہے اور نہ ملک کے لیے اور اگر ہم نے ایسی سیاست کی تو آپ بھی کہیں جلسے نہیں کر سکیں گے لیکن ہم ایسا نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اس لئے آئین، جمہوریت اور پارلیمنٹ کو چیلنج نہ کیا جائے اور جسے اقتدار میں آنے کی جلدی ہے اس سے کہوں گا کہ 2018 میں انتخابات ہوں گے تب لڑ لینا۔