کلر سیداں (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اب بچے نہیں ہیں مگر وہ سیاست سے نابلد ہیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ہر غیر سنجیدہ بیان پر تبصرہ کیا جائے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اب بچے نہیں لیکن وہ سیاست سے لابلد ہیں، پارلیمانی نظام میں وزیراعظم ہی وزیراعظم ہوتا ہے، پارلیمانی حکومت میں وزیراعظم کی جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا، دنیا بھر کے سربراہان مملکت ہفتوں چھٹیوں پر جاتے ہیں لیکن وہاں انتظامی نظام اسی طرح چلتا رہتا ہے، اسی طرح پاکستان میں بھی وفاقی کابینہ کام کررہی ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ پاکستان کی پارلیمنٹ یا مقننہ کے سامنے جوابدہ ہیں امریکا کے نہیں، ہمیں ہر رپورٹ کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے، دہشتگردوں کے خلاف کامیابی کسی رپورٹ کی محتاج نہیں ،حقیقت یہ ہے کہ ملک میں 2013 کے مقابلے میں حالات کافی بہتر ہوئے ہیں۔ نیکٹا فعال ہے لیکن اس کے کام میں وسعت کی ضرورت ہے۔
نادرا کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں صحیح کام کرنے کے لئے بہت مشکلیں اور رکاوٹیں پیش آتی ہیں، یہاں غلط کام کرنا آسان اور صحیح کام کرنا بہت مشکل ہے، وہ نادرا کو صاف کرنے کی کوشش کررہے ہیں، نادرا کا ادارہ بدعنوان نہیں بلکہ چند افراد نےاسے بدنام کیا ہوا ہے۔
نادرا میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے توجہ دے رہے ہیں، انہوں نے جب سے وزارت کی ذمہ داری سنبھالی ہے نادرا میں کرپشن کے خلاف کارورائی کی جارہی ہے، نادرا میں کسی کرپٹ آدمی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ڈھائی برسوں میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ شناختی کارڈ بلاک کب کہ 39 لاکھ پاسپورٹس بلیک لسٹ ہوئے اور یہ سب کچھ ملا اختر منصور کی ہلاکت سے پہلے ہوا ہے۔